رسائی کے لنکس

امریکی معیشت میں بہتری کے آثار


نیویارک اسٹاک ایکسچینج
نیویارک اسٹاک ایکسچینج

امریکہ میں آبادی کے رجحانات کے ایک تازہ ترین جائزے سے ظاہر ہوا ہے کہ امریکی معیشت کساد بازاری کے اثرات سے باہر آنے کے بعد بہتری کی جانب گامزن ہے۔

امریکہ میں آبادی کے رجحانات کے ایک تازہ ترین جائزے سے ظاہر ہوا ہے کہ امریکی معیشت کساد بازاری کے اثرات سے باہر آنے کے بعد بہتری کی جانب گامزن ہے۔

امریکی محکمہ شماریات نے جمعرات کو ایک رپورٹ جاری کی ہے جس کے مطابق امریکی شہریوں میں ایک بار پھر نقل مکانی کے رجحان میں اضافہ دیکھا جارہا ہے اور صرف گزشتہ برس تین کروڑ 60 لاکھ سے زائد افراد نئے گھروں میں منتقل ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق نوجوانوں میں اپنے والدین سے علیحدہ ہو کر آزادانہ زندگی گزارنے کے رجحان میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ دونوں رجحانات اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ امریکیوں میں اپنی معیشت سے متعلق اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔

محکمہ شماریات کے مطابق امریکہ میں بچوں کی پیدائش کی مسلسل گھٹتی ہوئی شرح بھی 2011ء کے دوران میں بہتر ہوئی ہے جو اس بات کی ایک اور علامت ہے کہ امریکیوں میں اپنے معاشی مستقبل سے متعلق غیریقینی کی کیفیت کم ہورہی ہے۔

تاہم رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکہ میں بے روزگاری کی شرح اب بھی بلند ہے اور مسلسل 43 ویں مہینے بھی 8 فی صد سے اوپر کی سطح پر برقرار ہے۔

رپورٹ میں بیان کردہ اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ اب بھی بیشتر امریکیوں کو ملک کی معاشی صورتِ حال کے باعث مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

گو کہ 2011ء کے دوران میں امریکیوں میں نقل مکانی اور نئے گھروں میں منتقلی کی شرح میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا لیکن اس کے باوجود گھروں کی خریداری کی شرح میں کمی آئی ہے اور صرف 65 فی صد امریکی اپنا ذاتی گھر رکھتے ہیں جو گزشتہ ایک دہائی میں کم ترین تعداد ہے۔

محکمہ شماریات کے مطابق امریکہ میں ریکارڈ چار کروڑ 60 لاکھ سے زائد افراد سطحِ غربت سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں جو کل ملکی آبادی کا 15 فی صد بنتے ہیں۔
XS
SM
MD
LG