ایشیا پیسیفک خطے کی اسٹاک مارکیٹوں میں پیر کی صبح مندی کا رجحان رہا کیوں کہ سرمایہ کار یہ جاننے کے منتظر ہیں کہ آیا امریکی صدر براک اوباما اور کانگریس کے رہنماؤں کے درمیان وفاقی قرضے کی حد بڑھانے پر اتفاق ہو گا یا نہیں۔
جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں نیکے انڈکس کی اوسط شرح معمول سے کم رہی، جب کہ گزشتہ ہفتے تین دونوں تک اس میں اضافہ دیکھا گیا تھا۔ سیول اور سڈنی میں بھی شیئرز میں مندی کا رجحان رہا۔
امریکہ میں وال اسٹریٹ میں پیر کو کاروبار کے آغاز سے قبل اسٹاک کی متوقع قیمتوں میں کمی کا رجحان رہا۔ سونے کی قیمت ایک بار پھر ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی جب کہ خام تیل کی قیمت میں کمی دیکھی گئی۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ دنیا بھر کی اسٹاک مارکیٹیں امریکہ میں قرضے کے حوالے سے ہونے والے مذاکرات اور دنیا کی سب سے بڑی معیشت کی کریڈٹ ریٹنگ میں ممکنہ تبدیلی پر گہری نظر رکھیں گی۔