ریاست ورمونٹ کے کچھ علاقوں میں پولنگ کا آغاز
امریکہ کی ریاست ورمونٹ کے کچھ علاقوں میں انتخابات کے لیے پولنگ کا آغاز ہو گیا ہے۔
نائب صدر اور ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی امیدوار کاملا ہیرس کا مقابلہ سابق صدر اور ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ سے ہے۔
ریاست ورمونٹ میں متعدد ووٹرز ارلی ووٹنگ کے ذریعے پہلے ہی ووٹ کاسٹ کر چکے ہیں۔
امریکی انتخابات: مختلف ریاستوں میں پولنگ کا آغاز
صدارتی انتخابات کے لیے امریکہ کی مختلف ریاستوں میں پولنگ کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ نیویارک، نیو جرزی، نیو ہیمپشر ، کنیٹیکٹ اور ورجینیا میں ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرنے کے لیے پولنگ اسٹیشنز کا رُخ کر رہے ہیں۔
امریکہ کے چھ ٹائم زونز: کہیں دن کہیں رات کی وجہ سے الگ الگ پولنگ کے اوقات
امریکہ میں چھ الگ الگ ٹائم زونز ہونے کی وجہ سے یہاں مختلف ریاستوں میں ووٹنگ کے شروع اور ختم ہونے کا وقت بھی مختلف ہوگا۔
وسیع و عریض رقبے پر پھیلے امریکہ میں ایسٹرن، سینٹرل، ماؤنٹین اور پیسیفک اسٹینڈرڈ ٹائم زونز ہیں جب کہ اس کی دو ریاستوں الاسکا اور ہوائی کے بھی الگ الگ ٹائم زون ہیں۔
الگ الگ معیاری وقت ہونے کی وجہ سے ایک ہی ملک کی کچھ ریاستوں میں پولنگ کا وقت ختم ہوچکا ہوتا ہے تو کہیں ووٹنگ جاری ہوتی ہے۔
مثال کے طور پر ریاست نیویارک جو ایسٹرن اسیٹنڈرڈ ٹائم زون میں ہے، وہاں مقامی وقت کے مطابق رات نو بجے ووٹنگ ختم ہوجائے گی۔ لیکن ریاست ہوائی میں جب ووٹنگ کا وقت ختم ہوگا تو نیویارک میں آدھی رات ہوچکی ہوگی۔
ٹائم زونز کے اس فرق کی وجہ سے انتخابی نتائج مرتب ہونے اور ان کے اعلان کے بھی الگ الگ اوقات ہوتے ہیں۔
سوئنگ اسٹیٹس: وہ سات ریاستیں جو امریکہ کے صدرکا فیصلہ کریں گی
امریکہ کے صدارتی الیکشن میں کامیابی کے لیےریاستوں کے 538 الیکٹورل ووٹوں میں سے 270 حاصل کرنا ضروری ہوتا ہے۔
عام طور پر اپنے ووٹنگ رجحانات کی وجہ سے امریکہ کی 50 ریاستوں میں اکثر ریاستوں کے بارے میں بہ آسانی سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ وہاں کس پارٹی یا امیدوار کو برتری حاصل ہو گی۔
تاہم مختلف وجوہ کے باعث کئی ایسی ریاستیں ہیں جن کا سیاسی جھکاؤ ماضی کے مختلف الیکشن میں تبدیل ہوتا رہا ہے جس کی وجہ سے انہیں سوئنگ اسٹیٹس بھی کہا جاتا ہے۔ سخت مقابلہ ہونے کی وجہ سے انہیں بیٹل گراؤنڈ اسٹیٹس بھی کہا جاتا ہے۔
وقت کے ساتھ ساتھ سوئنگ اسٹیٹس کی تعداد میں کمی بیشی بھی ہوتی رہی ہے۔ 2024 کے صدارتی الیکشن میں سات ریاستیں سوئنگ اسٹیٹس ہیں جن میں ایریزونا، جارجیا، مشی گن، نیواڈا، نارتھ کیرولائنا، پینسلوینیا اور وسکونسن شامل ہیں۔
امریکہ کا صدر بننے کے لیے درکار 270 الیکٹورل ووٹس کا نمبر پورا کرنے کے لیے ان ریاستوں کا کردار انتہائی اہم ثابت ہو گا اور اسی وجہ سے یہ کہا جا رہا ہے کہ یہ سات ریاستیں مستقبل کے امریکی صدر کا فیصلہ کریں گی۔