انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اقوام متحدہ کے امدادی کام میں مدد دینے کے لیے، امریکہ نے منگل کے روز دو کروڑ ڈالر کا عطیہ دینے کا اعلان کیا۔ یہ رقم عراق کے شہر فلوجہ میں لڑائی کے نتیجے میں بھاگ نکلنے والے ہزاروں مہاجرین کی اعانت کے لیے استعمال کی جائے گی۔
عراقی افواج نے گذشتہ ہفتے فلوجہ سے داعش کا قبضہ خالی کرایا، جس نے علاقے کو دو سال تک زیرِ تسلط رکھا ہوا تھا۔ تاہم، اقوام متحدہ کے اندازوں کے مطابق، فلوجہ کے تقریباً 85000 مکین دارالحکومت بغداد کے مغربی شہر سے بے دخل ہوئے ہیں، جنھیں فوری امداد درکار ہے۔
اقوام متحدہ کے مرکزی ہنگامی امدادی فنڈ نے پیر کے روز امدادی کام کے لیے ایک کروڑ 75 لاکھ ڈالر کی رقم جاری کی ہے۔
امریکہ نے کہا ہے کہ اُس کی جانب سے دی گئی امداد انسانی بنیاد کے اعانت کے اُس پیکیج کا حصہ ہے جس کا اعلان سال کے اواخر میں کیا جائے گا، جب کہ اُس نے اس بات کی طرف توجہ دلائی ہے کہ لڑائی سے بچنے کے لیے 2014ء سے اب تک عراق کے اندر بے دخل ہونے والے افراد کی کُل تعاد 33 لاکھ سے زیادہ ہے۔
اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین نے ہجرت کرنے والوں کے انتظامات اور رابطے کے مرکز کا اعلان کیا ہے، جب کہ فلوجہ سے بھاگ نکلنے والوں کی حفاظت کے لیے اقدام کیے جائیں گے، تاکہ فوری نوعیت کی ضروریات فراہم کی جا سکیں۔ امریکہ نے دیگر ملکوں پر زور دیا ہے کہ وہ مہاجرین کی امداد کے لیے مزید رقم فراہم کرنے کی اقوام متحدہ کی کال پر دھیان دیں۔