رسائی کے لنکس

امریکہ: امدادی رقوم کی خردبرد پر لائبیریا کے دو باشندوں کو 12 سال قید


امریکہ: امدادی رقوم کی خردبرد پر لائبیریا کے دو باشندوں کو 12 سال قید
امریکہ: امدادی رقوم کی خردبرد پر لائبیریا کے دو باشندوں کو 12 سال قید

ایک امریکی جج نے لائبیریاکے دو سابقہ امدادی کارکنوں کو امریکہ میں تقریباً 20 لاکھ ڈالر کی امداد ہتھیانے پر لگ بھگ 12 سال کی سزا سنائی ہے۔ یہ رقم لائبیریا میں جنگ سے متاثرہ لوگوں کی مدد کے لیے اکھٹی گئی تھی۔

امریکہ کے محکمہ انصاف کا کہنا ہے کہ جیوری نے جو بوندو اور مورس فاہن بولا کو نومبر میں خوراک اور تعمیراتی وسائل چرانے کی سازش اور دھوکہ دہی کے الزامات پر سزا سنائی ہے۔ دونوں ایک عیسائی فلاحی تنظیم ورلڈ ویژن کے بحالی کے پراجیکٹس کے لیے کام کررہے تھے۔

پراسیکیوٹرز کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی ترقی کے امریکی ادارے یوایس ایڈ نے 2005ء میں لائبیریا کی 14 سالہ خانہ جنگی کے بعد لوگوں کی بحالی کے پروگراموں کے لیے ورلڈ ویژن کو گرانٹ دی تھی۔

محکمہ انصاف کا یہ بھی کہناہے کہ 2008ء کی ایک آڈٹ رپورٹ سے انکشاف ہوا کہ خوراک کا 91 فی صد کبھی بھی مستحق افراد تک نہیں پہنچ سکا۔ پراسیکیوٹرز کا کہناہے کہ بونڈو اور فاہن بولا نے خوراک فروخت کرکے رقم اپنے پاس رکھ لی اور ورلڈ ویژن کے کارکنوں کوخوراک کی تقسیم کے جعلی کاغذات تیار کرنے کا حکم دیا۔

انہوں نے ورلڈ ویژن کے کارکنوں کو تعاون نہ کرنے کی صورت میں ملازمت سے نکالنے کی دھمکی دی اور انہیں خاموش رہنے کے لیے کچھ رقم بھی دی۔

لائبیریا کے ان دونوں افراد نے کارکنوں کو یہ ہدایت بھی کی تھی کہ وہ سرکاری اسپتال، اسکول ، سڑکیں اور دوسرے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کی بجائے ان کی ذاتی املاک کی تعمیر ات پر کام کریں۔

XS
SM
MD
LG