امریکہ کے صدر براک اوباما نے ایک بار پھر کانگریس سے اپیل کی ہے کہ وہ سیاست پر ملک کو ترجیح دیتے ہوئے لوگوں کو روزگار کے مواقع مہیا کرے۔
امریکی ریاست ایلونائے کے ایک قصبہ سے نشر کیے گئے اپنے ہفتہ وار ریڈیائی خطاب میں صدر نے امریکی مقننہ پر سڑکوں کی تعمیرات سے متعلق ایک زیر بحث قانون منظور کرنے پر زور دیا جس کے تحت شاہراہوں، پلوں اور ایئرپورٹس کی تعمیرات کے نتیجے میں روزگار کے نئے مواقع پیداہوں گے۔
صدر نے قانون سازوں پر زور دیا کہ وہ تنخواہ دار طبقے پر عائد ٹیکس میں رعایت کی بھی منظوری دیں جس کے نتیجے میں امریکی خاندانوں کو ہر سال ایک ہزار ڈالرزکی بچت ہوگی۔ صدر کے بقول "یہ عام فہم اقدامات ہیں جنہیں ڈیموکریٹس اور ری پبلکنز دونوں کی حمایت حاصل ہے"۔
امریکی صدر نے کہا کہ سیاست کا کھیل کھیلنے والے کانگریس کے بعض اراکین امریکہ کو پیچھے کی طرف لے جارہے ہیں۔
کانگریس کی گرمیوں کی چھٹیوں کے خاتمے کےبعد صدر اوباما ستمبر میں نوکریوں کے حوالے سے اپنی انتظامیہ کے نئے اقدامات کا اعلان کریں گے۔
دریں اثناء ری پبلکنز کے ہفتہ وار خطاب میں ریاست اوہایو کے گورنر جان کیسچ نے اپنی جماعت کے اراکین سے اپیل کی ہے کہ وہ پالیسی معاملات پر ڈیموکریٹس کے ساتھ ملک کر کام کریں۔ تاہم انہوں نے ری پبلکنز کو خبردار کیا کہ انہیں اپنے اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کرنا چاہیے۔
گزشتہ روز امریکی انتظامیہ نے اعلان کیا تھا کہ گزشتہ ماہ واشنگٹن اور 28 ریاستوں میں بے روزگاری کی شرح میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ نو ریاستوں میں بے روزگاری کی شرح میں کمی آئی جبکہ 13 ریاستوں میں اس شرح میں کوئی تبدیلی واقع نہیں ہوئی۔
امریکہ میں بے روزگاری کی شرح گزشتہ دو برسوں سے 9 فی صد اور اس سے زائد چلی آرہی ہے۔