رسائی کے لنکس

دہشت گردوں کو محفوظ ٹھکانے نہ دیے جائیں: ہیلی


دہلی جامع مسجد
دہلی جامع مسجد

اقوام متحدہ میں امریکی سفیر، نکی ہیلی نے جمعرات کو کہا ہے کہ امریکہ نے پاکستان کی حوصلہ افزائی کی کوششیں تیز کر دی ہیں تاکہ ملک میں دہشت گردوں کو محفوظ ٹھکانے میسر آنا بند ہوجائیں۔

سفیر نکی ہیلی، جو اِن دِنوں بھارت کے دورے پر ہیں، کہا ہے کہ ’’پاکستان تعاون کر رہا ہے۔ لیکن، دہشت گردوں کو تحفظ دینے والی کسی بھی حکومت کو امریکہ مسترد کردے گا‘‘۔

ہیلی نے بھارتی پالیسی ساز ادارے، ’آبزرور رسرچ فاؤنڈیشن‘ کے ارکان سے کہا کہ ’’ماضی کے مقابلے میں ہم پاکستان کو زیادہ سختی سے پیغام دے رہے ہیں، اور ہمیں امید ہے کہ تبدیلی آئے گی‘‘۔

افغانستان کے لیے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی پالیسی کے حوالے سے پاکستان کا تعاون اہمیت کا حامل ہے۔ امریکہ دہشت گردوں کی پشت پناہی بند کرانے کے لیے پاکستان پر زور دے رہا ہے، جن پر افغانستان میں حملوں کا الزام ہے۔

پاکستان اس دعوے کو مسترد کرتا ہے کہ وہ دہشت گردوں کی پشت پناہی کرتا ہے اور اس بات سے انکار کرتا ہے کہ اُس کا طالبان دہشت گرد گروپ پر اثر و رسوخ ہے۔

ہیلی نے جمعرات کو یہ بھی کہا کہ امریکہ اور بھارت جلد از جلد حکمت عملی کے اعلیٰ سطحی مذاکرات کا آغاز کریں گے۔ متوقع طور پر روس اور ایران کے خلاف امریکی تعزیرات کے ساتھ ساتھ اسلحے کی فروخت اور تجارت کا معاملہ زیر غور آئے گا۔

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو اور وزیر دفاع جیمز میٹس چھ جولائی کو واشنگٹن میں اپنے بھارتی ہم منصبوں کے ساتھ مذاکرات کرنے والے ہیں۔ تاہم، بھارتی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ امریکہ نے یہ اجلاس مؤخر کردیے ہیں۔ نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

اس سے قبل، جمعرات ہی کے روز ہیلی ’انٹرفیتھ‘ سفر پر نئی دہلی پہنچیں، جہاں وہ ایک ہندو مندر، سکھ گردوارے، مسجد اور گرجا گھر گئیں۔

ہیلی نے امریکی ریاست ساؤتھ کیرولینا میں سکھ تارکین وطن کے خاندان میں جنم لیا، جن کا تعلق پنجاب کی شمالی بھارتی ریاست سے ہے۔

XS
SM
MD
LG