امریکی فضائیہ کے ایک سابق اہلکار پر داعش کو مدد فراہم کرنے کے کوشش کی فردِ جرم عائد کی جا رہی ہے۔
محکمۂ انصاف نے ایک بیان میں کہا کہ ایک گرینڈ جیوری نے ٹیروڈ نیتھن ویبسٹر پیو پر انصاف کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی فردِ جرم بھی عائد کی ہے۔
بیان میں وفاقی وکیل استغاثہ لوریٹا لِنچ نے کہا ہے کہ ’’امریکہ میں پیدا اور بڑے ہونے کے بعد ٹیروڈ پیو نے اپنے ملک کی طرف پیٹھ موڑ کر ایک دہشت گرد تنظیم میں شامل ہونے کے لیے شام جانے کی کوشش کی۔‘‘
مبینہ طور پر ٹیروڈ نیتھن ویبسٹر پیو نے اس سال کے شروع میں داعش میں شامل ہونے کی کوشش کی تھی۔ اسے چند ہفتے قبل ہی مشرقِ وسطیٰ میں جہازوں کے مکینک کی ملازمت سے نکالا گیا تھا۔ وہ امریکی فضائیہ میں جہازوں کے برقی آلات کے نظام کا ماہر تھا اور بعد میں اس نے نجی کمپنیوں کے لیے کام کیا۔
اگر ٹیروڈ پیو پر الزام ثابت ہو جائے تو اسے 35 سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔
اطلاعات کے مطابق ٹیروڈ پیو شام میں داخل ہونے کی کوشش میں مصر سے ترکی گیا مگر ترک حکام نے اسے مصر واپس بھیج دیا۔ مصر کے حکام نے اس سے کئی برقی آلات برآمد ہونے پر اسے ملک بدر کرکے امریکہ واپس بھیج دیا۔ ان آلات میں ایک موبائل فون بھی شامل تھا جس میں مشین گن کی ایک تصویر تھی۔
محکۂ انصاف نے جب اس کے لیپ ٹاپ کی تلاشی لی تو انہیں معلوم ہوا کہ اس نے داعش کے متعلق معلومات حاصل کرنے کے لیے حال ہی میں کئی مرتبہ انٹرنیٹ پر سرچ کیا تھا۔ اس نے وڈیوز بھی ڈاؤن لوڈ کی تھیں جن میں سے ایک میں داعش کے ارکان قیدیوں کو موت کی سزا دے رہے تھے۔