|
جنوبی افریقہ نے سپر ایٹ مرحلے کے اہم میچ میں ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالی فائی کر لیا ہے۔ ویسٹ انڈیز کی شکست نے اسے ایونٹ سے باہر کر دیا ہے اور یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ جب کوئی میزبان ٹیم ٹی ٹوئنٹی کے اس میگا ایونٹ سے باہر ہوئی ہے۔
انٹیگوا کے شہر نارتھ ساؤنڈ میں پیر کو کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹںگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنائے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے روسٹن چیز 42 گیندوں پر 52 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ کائل میئرز نے 34 گیندوں پر 35 رنز بنائے۔
ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کا آغاز اچھا نہیں تھا۔ کوئنٹن ڈی کوک 12 جب کہ ریضا ہینڈرکس بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
میچ کے دوران بارش کی وجہ سے کھیل 75 منٹ تک رکا رہا اور ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت جنوبی افریقہ کو 17 اوورز میں 123 رنز کا ہدف ملا جو اس نے آخری اوور کی پہلی گیند پر حاصل کر لیا۔
دوسری جانب انگلینڈ نے امریکہ کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل کا ٹکٹ کٹوا لیا ہے۔ اس طرح گروپ ٹو سے انگلینڈ اور جنوبی افریقہ نے سیمی فائنل کے لیے کوالی فائی کر لیا ہے۔
گروپ ون سے سیمی فائنلسٹ ٹیموں کا تاحال تعین نہیں ہو سکا ہے۔ بھارت دو میچز میں کامیابی کے ساتھ سرِِ فہرست ہے جب کہ آسٹریلیا اور افغانستان کے دو، دو پوائنٹس ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تاریخ میں کبھی بھی میزبان ملک ٹرافی اپنے نام نہیں کر سکا ہے۔
سن 2007 میں جنوبی افریقہ میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت نے پاکستان کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ سن 2009 میں انگلینڈ میں کھیلے گئے ورلڈ کپ میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی تھی۔
اسی طرح سن 2010 میں ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں انگلینڈ نے کامیابی حاصل کی تھی۔
سن 2012 میں سری لنکا میں کھیلے گئے ورلڈ کپ میں میزبان ملک نے فائنل تک رسائی حاصل کی تھی جہاں ویسٹ انڈیز نے اسے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔
سن 2014 میں بنگلہ دیش میں ہونے والے ٹی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی ٹرافی سری لنکا نے تھامی تھی جب کہ 2016 میں بھارت میں کھیلے گئے ایونٹ میں ویسٹ انڈیز نے کامیابی سمیٹی تھی۔
سن 2021 میں متحدہ عرب امارات میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں آسٹریلیا نے کامیابی حاصل کی تھی۔ سن 2022 میں آسٹریلیا میں کھیلے گئے ورلڈ کپ میں انگلینڈ نے پاکستان کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔
اب ایک بار پھر میزبان ملک ایونٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔
فورم