رسائی کے لنکس

امریکی قانون میں فردِ جرم عائد ہونے سے کیا مراد ہے؟


امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر نیو یارک کی ایک گرینڈ جیوری نے پورن اسٹار سٹارمی ڈینیئلز کو خفیہ طور پر رقم ادا کرنے کے معاملے میں فردِ جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

امریکی قانون میں فرد جرم سے کیا مراد ہے جب کہ یہ گرینڈ جیوری ہوتی کیا ہے؟ اس کی تفصیل کچھ یوں ہے۔

فردِ جرم عائد ہونا کیا ہوتا ہے؟

امریکہ کے قانون کے مطابق جب کسی شخص پر جرم سرزد ہونے کے بعد باقاعدہ سرکاری طور پر الزام یا الزامات عائد کیے جاتے ہیں تو اسے فردِ جرم عائد ہونا کہا جا تاہے۔

فردِ جرم میں مذکورہ شخص کے خلاف الزام یا الزامات کے ساتھ ساتھ اس سے متعلق قانونی دفعات کا ذکربھی ہوتا ہے۔

اس کی ضرورت کیوں ہوتی ہے؟

امریکہ کے آئین کی پانچویں ترمیم حکومت پر یہ لازم کرتی ہے کہ وفاقی سطح پر کسی شخص کے خلاف سنگین جرم پر کسی مقدمے کی سماعت کرنے سے قبل اس پر فردِ جرم عائد کی جائے گی۔

ریاستوں کے قوانین کا اس سے کیا تعلق ہے؟

امریکہ کے آئین کی پانچویں ترمیم اگرچہ صرف وفاقی قوانین کی خلاف ورزی سے متعلق ہے۔ لیکن بہت سی ریاستوں نے یہی قانون نافذ کیا ہوا ہے جہاں سنگین جرائم پر فردِ جرم عائد کرنا لازم ہے۔

سنگین جرم سے کیا مراد ہے؟

سنگین جرائم ایسے معاملات کو کہا جاتا ہے جن کی سزا کم از کم ایک برس ہو۔

یہ چھوٹے جرائم سے مختلف ہوتے ہیں جن میں باضابطہ طور پر فردِ جرم عائد کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی۔

فردِ جرم کا آغاز کیسے ہوتا ہے؟

کسی بھی مقدمے کی مکمل تفتیش کے دوران پراسیکیوٹر یہ فیصلہ کرتے ہیں کہ آیا اس کیس کی پیروی جاری رکھنے کے لیے شواہد موجود ہیں۔

ایسی صورت میں پراسیکیوٹر شہریوں پر مبنی ایک گرینڈ جیوری کے سامنے یہ کیس رکھتے ہیں۔

گرینڈ جیوری سے کیا مراد ہے؟

گرینڈ جیوری کیس سے متعلق شواہد اور ثبوتوں کاجائزہ لیتی ہے جس کے بعد یہ فیصلہ کیا جاتا ہے کہ کیا ملزم کے خلاف کارروائی کے لیے شواہد کافی ہیں۔

گرینڈ جیوری مشتبہ شخص کے بارے میں فیصلہ نہیں دیتی کہ اس نے یہ جرم سرزد کیا ہے یا نہیں۔

وفاقی گرینڈ جیوری عام طور پر 16 سے 23 افراد پر مشتمل ہوتی ہے جن میں سے 12 افراد کا فرد جرم عائد کرنے پر متفق ہونا ضروری ہوتا ہے۔

کیا فرد جرم سربمہر ہو سکتی ہے؟

عام طور پر فردِ جرم گرینڈ جیوری کی پیشی کے بعد اور ملزم کی گرفتاری سے پہلے عائد کی جاتی ہے۔

اس لیے پراسیکیوٹر کو فردِ جرم سربمہر کرنے کا اختیار حاصل ہوتا ہے جس کے بعد فردِ جرم میں دیے گئے الزامات اور دیگر قانونی تفصیلات بھی ظاہر نہیں کی جاتیں۔

اس کی وجہ ملزم اور مشتبہ شخص کو فرار یا ثبوت مٹانے کے لیے وقت حاصل کرنے سے روکنا ہوتا ہے۔

فردِ جرم عائد ہونے کے بعد کیا ہوتا ہے؟

گرینڈ جیوری کی جانب سے فردِ جرم عائد ہونے کے بعد عام طور پر ملزم کو گرفتار کر لیا جاتا ہے اور اس پر باضابطہ طور پر الزامات عائد کئے جاتے ہیں۔

اس کے بعد ہی اس کیس کی باقاعدہ سماعت عدالت میں شروع ہوتی ہے۔

اس کے بعد کیس کئی طرح کا رخ اختیار کر سکتا ہے جس میں سماعت سے قبل ملزم کے ساتھ تصفیے یا ٹرائل پر جانے کا فیصلہ کیا جا سکتا ہے۔

XS
SM
MD
LG