رسائی کے لنکس

واٹس ایپ کا 'میسج ایڈٹ' فیچر کام کیسے کرتا ہے؟


فائل فوٹو
فائل فوٹو

مسیجنگ پلیٹ فارم واٹس ایپ آئے روز اپنے صارفین کے لیے نئے فیچرز متعارف کراتا رہتا ہے۔ اس بار کمپنی نے صارفین کے لیے میسج کو ایڈٹ کرنے کا آپشن پیش کیا ہے۔

حال ہی میں واٹس ایپ نے 'چیٹ لاک' کا فیچر متعارف کرایا تھا جس سے صارفین کو اپنی گفتگو محفوظ بنانے میں مدد ملی ہے۔

اب واٹس ایپ کے نئے متعارف کردہ فیچر کی مدد سے صارف اپنے بھیجے گئے پیغام کو ایڈٹ کرسکیں گے۔ اس سے قبل صارف کو غلطی کی صورت میں میسج کو ڈیلیٹ کرنا پڑتا تھا یا نیا پیغام بھیجنا پڑتا تھا۔

لیکن اب واٹس ایپ نے صارفین کی اس مشکل کو آسان کردیا ہے۔ کمپنی نے پیر کو ایڈٹ کا فیچر متعارف کرانے کا اعلان کیا تھا۔

اس فیچر کے ذریعے صارفین اب کسی بھی پیغام کو بھیج کر 15 منٹ کے اندر اسے 'ایڈٹ' کرسکیں گے۔

یہ فیچر کام کیسے کرتا ہے؟

واٹس ایپ میسج ایڈٹ کا فیچر استعمال کرنے کے لیے چیٹ میں بھیجے گئے کسی بھی میسج پر لانگ پریس کرنے پر آپ کے پاس ایک پاپ اپ مینو آئے گا جس میں ایڈٹ کا آپشن موجود ہوگا۔

صارفین اس ایڈٹ کے آپشن پر کلک کرکے اپنے بھیجے ہوئے پیغام کو ایڈٹ کرسکیں گے۔

مگر اس ایڈٹ کے فیچر کو استعمال کرنے کے لیے صارفین کے پاس 15 منٹ ہوں گے یعنی آپ کے بھیجے گئے میسج کو اگر 15 منٹ گزر گئے تو آپ اس آپشن کا استعمال نہیں کرسکیں گے۔

میسج کو ایڈٹ کرنے کے بعد اس پر ایک مارک آجائے گا جس سے پیغام وصول کرنے والے صارف کو یہ معلوم ہوسکے گا کہ اس پیغام کو ایڈٹ کیا گیا ہے۔

البتہ اس پیغام میں کیا ایڈٹ کیا گیا ہے اس بارے میں پیغام وصول کرنے والا صارف نہیں جان سکے گا۔

واٹس ایپ نے یہ فیچر دنیا بھر کے صارفین کے لیے پیش کردیا ہے اور آنے والے دنوں میں یہ آپ کے واٹس ایپ پر بھی دستیاب ہوگا۔

XS
SM
MD
LG