وائٹ ہاؤس نے صدر اوباما کا سرکاری فیس اکاونٹ کھول دیا ہے۔ یہ اکاؤنٹ ایسے وقت میں کھولا گیا ہے جب صدر اوباما کی مدت صدارت ختم ہونے میں صرف ایک سال کا عرصہ رہ گیا ہے۔ اس اکاؤنٹ میں صدر اوباما کا نام سربراہ مملکت کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ اس فیس بک کی تقلید کرنے والوں کی تعداد اربوں بتائی جاتی ہے۔
وائٹ ہاؤس نے سوموار کو ایوان صدارت کے لئے پہلا تاریخی فیس بک صفحہ قائم کیا جس میں شریک کئے گئے ایک ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ صدر اوباما وائٹ ہاؤس کے سبزہ زار پر چہل قدمی کر رہے ہیں۔
اس سرکاری پوسٹ میں صدر اوباما نے کہا ہے کہ ان کی خواہش ہے کہ یہ ایک ایسا صفحہ بنے جس پر ملک کو درپیش اہم ترین مسائل پر حقیقی معنوں میں تبادلہ خیال کیا جاسکے اور جہاں سے لوگ براہ راست صدر کو سن سکیں اور اپنے خیالات اور واقعات میں شریک کرسکیں۔
ویڈیو میں صدر اوباما نے موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات اور اس حوالے سے آئندہ ماہ پیرس میں ہونے والی اقوام متحدہ کی کانفرنس پر بات کی ہے۔
انھوں نے کہا ہے کہ ہم نے ملکی سطح پر فضا میں کاربن کی آلودگی میں کمی کے لئے اٹھائے گئے اقدامات میں بہت سی کامیابیاں حاصل کی ہیں اور اس حوالے سے دنیا کی قیادت کر رہے ہیں، تاکہ دیگر ممالک بھی اس طرح کے اقدامات کریں۔۔ ’لیکن ہمیں ابھی بہت کچھ کرنا ہے‘۔
بقول اُن کے، ’امریکی قیادت میں ہم نے دنیا کی 90 فیصد معیشت کی نمائندگی کرنے والے 150 ممالک کو تیار کیا ہے کہ وہ کاربن کی آلودگی کے خاتمے کے لئے مل کر کام کریں گے اور ایک عالمی فریم ورک تیار کریں گے‘۔
فیس بک پر پہلے پوسٹ کے ایک گھنٹے کے اندر اندر صدر کو اپنے پیغام پر فیس بک کی چیف آپریٹنگ افسر، شیرلی سنڈبرگ سمیت 4 ہزار لائیک ملے، جبکہ ان کا پوسٹ اور ویڈیو 1800 لوگوں نے شیئر بھی کیا۔
صدر اوباما کا اپنا ذاتی فیس بک صفحہ بھی ہے جو انھوں نے اُس وقت بنایا تھا جب وہ شکاگو سے سنیٹر تھے۔ وائٹ ہاؤس کا فیس بک صفحہ 2009ء میں قائم ہوا تھا۔