رسائی کے لنکس

کیا سلمان خان کی ’ٹائیگر 3‘ رواں برس کی بلاک بسٹر فلموں کا مقابلہ کر سکے گی؟


بالی وڈ کے سلطان سلمان خان دیوالی کے تہوار پر اپنے مداحوں کو فلم 'ٹائیگر 3' کا تحفہ دینے جا رہے ہیں۔ ان کے چاہنے والوں کو اس فلم کا انتظار کافی عرصے سےتھا۔

'ٹائیگر 3' نومبر کی بارہ تاریخ کو بھارت کے جب کہ 11 نومبر کو دنیا بھر کے سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔

بھارت میں اتوار سے فلم کی ایڈوانس بکنگ کا آغاز ہو گیا ہے۔ معروف فلمی تجزیہ کار ترن آدرش کے مطابق ایڈوانس بکنگ کے پہلے فلم کے ساڑھے 44 ہزار ٹکٹس فروخت ہوئے ہیں اور ابھی فلم ریلیز ہونے میں سات روز باقی ہیں۔

ایکشن اور تھرل سے بھرپور اس فلم میں سلمان خان کے ساتھ اداکارہ کترینہ کیف نظر آئیں گی جنہوں نے پہلے دونوں پارٹس میں بھی اداکاری کی تھی۔

اس حصے کی خاص بات اس میں عمران ہاشمی کی انٹری ہے جو فلم میں ولن کے روپ میں نظر آئیں گے۔

فلم کی ہدایات منیش شرما نے دی ہیں جب کہ اسے ادتیا چوپڑا نے پروڈیوس کیا ہے۔

ٹائیگر 3 کے بزنس کے حوالے سےتجزیہ کار وشیک چوہان نے 'انڈیا ٹوڈے' سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں توقع ہے کہ فلم پہلے روز 45 سے 50 کروڑ بھارتی روپے کا بزنس کر سکتی ہے۔

وشیک چوہان کے مطابق فلم دوسرے روز یعنی پیر کو 70 سے 75 کروڑ کا بزنس کر سکتی ہے کیوں کہ دیوالی کے بعد اگلا دن فلم کے لیے اہم ثابت ہو گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ انہیں توقع ہے کہ فلم 500 کروڑ سے زائد بزنس کرے گی اور اگر ایسا نہیں ہوا تو یہ تھوڑا مایوس کن ثابت ہوسکتا ہے۔

فلمی تجزیہ کار رمیش بالا نے 'انڈیا ٹوڈے' سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 'ٹائیگر 3' سے متعلق توقعات بہت زیادہ ہیں۔ اس سے قبل ٹائیگر کی فرنچائز کی دیگر فلموں نے بھی اچھا بزنس کیا ہے۔

یاد رہے کہ اس سال شاہ رخ خان کی دو فلمیں جوان اور پٹھان نے باکس آفس پر شاندار بزنس کیا تھا۔ دونوں ہی فلموں نے ایک ہزار کروڑ سے زائد بھارتی روپے کمائے۔

فلمی تجزیہ کار کومل نہتا نے نے بھارتی اخبار 'ٹائمز آف انڈیا' سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹائیگر 3 باکس آفس پر ریکارڈ اوپننگ کر سکتی ہے۔

ان کے بقول "گزشتہ چند برسوں سے سلمان خان کی فلمیں باکس آفس پر خاصا اچھا بزنس نہیں کر سکیں تو اس فلم کی کامیابی بہت اہم ہے۔ فلم کی ایڈوانس بکنگ اور ہائپ کو دیکھ کر ایسا لگ رہا ہے کہ یہ ایک بلاک بسٹر ثابت ہو گی۔"

واضح رہے کہ رواں برس عید الفطر پر سلمان خان کی فلم 'کسی کا بھائی کسی کی جان' ریلیز ہوئی تھی جو باکس آفس پر اچھا بزنس نہیں کر سکی تھی۔

اس سے قبل سلمان خان کی 2021 میں ریلیز ہونے والی فلم 'رادھے' بھی شائقین کو متاثر کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی تھی۔ فلم نے باکس آفس پر لگ بھگ 18 کروڑ بھارتی روپے کا بزنس کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG