رسائی کے لنکس

دنیا بھر میں کوئلے کے استعمال میں ریکارڈ اضافہ


چین کے شہر ہیجنگ میں کوئلے سے چلنے والے بجلی گھر سے دھوئیں کے بادل بلند ہو رہے ہیں۔ 28 نومبر 2019
چین کے شہر ہیجنگ میں کوئلے سے چلنے والے بجلی گھر سے دھوئیں کے بادل بلند ہو رہے ہیں۔ 28 نومبر 2019

توانائی کے بین الاقوامی ادارے (آئی اِی اے) نے جمعہ کے روز کہا ہے کہ اس سال چین، بھارت اور امریکہ میں بجلی کی بڑھتی ہوئی طلب کوئلے سے چلنے والے بجلی گھروں میں کوئلے کی عالمی کھپت کو ایک نئی بلندیوں پر لے جا سکتی ہے، جس سے گرین ہاؤس گیسوں کا اخراج گھٹانے کی کوششوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

آئی اِی اے نے کہا ہے کہ 2021 میں کوئلے سے بجلی کی عالمی پیداوار 10,350 ٹیرا واٹ آورز تک پہنچنے کی توقع تھی، جو گزشتہ سال سے 9 فیصد زیادہ ہے۔ اقتصادی تیز رفتار بحالی نے بجلی کی طلب میں نمایاں اضافہ کیا جسے کم مقدار میں کاربن گیسیں خارج کرنے والی بجلی گھروں سے پورا نہیں کیا جا سکتا تھا۔

رپورٹ کے مطابق اقتصادی ترقی کے باعث اس سال سیمنٹ اور اسٹیل جیسی صنعتوں میں کوئلے کی کھپت میں 6 فی صد اضافے کی توقع کی جا رہی ہے۔

آئی اِی اے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اگرچہ اس سال کوئلے کی کھپت 2013 اور 2014 کی سطح سے تجاوز نہیں کرے گی، لیکن اگلے سال کوئلے کی طلب ایک نئی ریکارڈ بلندی پر پہنچ سکتی ہے۔

چین میں ٹرکوں کے ذریعے کوٹلہ کارخانوں تک پہنچایا جا رہا ہے
چین میں ٹرکوں کے ذریعے کوٹلہ کارخانوں تک پہنچایا جا رہا ہے

بین الاقوامی توانائی کے ادارے کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر فتح بیرول نے کہا ہے کہ یہ اضافہ اس تشویش کی نشاندہی ہے کہ دنیا سے گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج کو صفر تک لانے کی کوششوں کے باوجود ہم اس منزل سے کتنی دور ہیں۔

آئی ای اے نے بتایا کہ دنیا بھر میں کوئلے سے جتنی بجلی پیدا ہوتی ہے، اس میں نصف سے زیادہ حصہ چین کا ہے اور موجودہ سال 2021 میں 9 فی صد اضافے کی توقع کی جا رہی ہے۔ جب کہ بھارت میں اس سال کوئلے سے بجلی کی پیداوار میں 12 فی صد تک اضافہ متوقع ہے۔

گزشتہ ماہ گلاسگو میں آب و ہوا کی تبدیلی اور گلوبل وارمنگ روکنے کے سلسلے میں ہونے والی عالمی کانفرنس میں کوئلے کے استعمال میں کمی ایک اہم تنازع رہا۔

عالمی ماہرین کا زور اس بات پر تھا کہ کرہ ارض کے درجہ حرارت کو صنعتی دور سے پہلے کے درجہ حرارت سے ڈیڑھ ڈگری سینٹی گریڈ تک اوپر رکھنے کے لیے کاربن گیسوں کے اخراج میں کمی کی جائے، تاکہ بڑھتے ہوئے عالمی درجہ حرارت کو نیچے لایا جا سکے۔ کانفرنس میں صنعتی ملکوں نے کوئلے کے استعمال میں کمی پر اتفاق کیا تھا۔

پاکستان گلوبل وارمنگ کے نشانے پر، حل کیا ہے؟
please wait

No media source currently available

0:00 0:02:53 0:00

چین نے کوئلے کی اپنی کھپت کم کرنے کا وعدہ کیا، لیکن اس کا کہنا ہے وہ اس کی شروعات 2025 کے بعد کرے گا، کیونکہ وہ اپنے ملک میں کوئلہ استعمال کرنے والی صنعتوں کو متبادل توانائی کی جانب منتقل ہونے کے لیے مناسب وقت فراہم کرنا چاہتا ہے۔

چین کی بجلی سے متعلق سرکاری کارپوریشن کے ماہرین کی جانب سے اس ہفتے شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ توانائی سے متعلق خدشات کے پیش نظر چین 2021 اور 2025 کے عرصے کے دوران کوئلے سے چلنے والے نئے بجلی گھر لگائے گا تاکہ مزید 150 گیگا واٹ بجلی فراہم کی جا سکے، جس سے اس کی بجلی کی پیداوار 1230 گیگا واٹ آورز ہو جائے گی۔

(خبر کا مواد رائٰٹرز سے لیا گیا ہے)

XS
SM
MD
LG