رسائی کے لنکس

ورلڈ الیون پاکستان پہنچ گئی، سیریز کی تیاریاں مکمل


آزادی سیریز کے لیے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

تین ٹی20 میچوں پر مشتمل 'آزادی سیریز' کھیلنےکے لیے 13 بین الاقوامی کھلاڑیوں پر مشتمل ورلڈ الیون کی ٹیم پاکستان پہنچ گئی ہے۔

ٹیم کپتان فاف ڈوپلیسی کی قیادت میں پیر کو علی الصباح لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچی جہاں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین نجم سیٹھی اور بورڈ کے دیگر حکام نے ان کا استقبال کیا۔

بعد ازاں ٹیم کو سخت سکیورٹی میں ہوٹل منتقل کردیا گیا۔ ٹیم پیر کو قذافی اسٹیڈیم میں پریکٹس کرے گی جس کے لیے سیکورٹی کی فل ڈریس ریہرسل کی جائے گی۔

دریں اثنا آزادی سیریز کے لیے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

تین ٹوئنٹی 20 میچوں پر مشتمل سیریز کے لیے اسٹیڈیم میں تین پچیں تیار کی گئی ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق دو پچیں بیٹنگ کے لیے سازگار ہیں جب کہ ایک پچ باؤلرز کو سپورٹ کرے گی۔

تین میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 12 ستمبر کو ہوگا جب کہ دوسرا میچ اگلے ہی روز 13 ستمبر اور تیسرا اور آخری میچ 15 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔

سیریز کے موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور میچوں کے موقع پر 10 ہزار سے زائد سکیورٹی اہلکار ٹيم کے روٹ اور اسٹيڈيم کے گرد و نواح ميں تعينات ہوں گے۔

لاہور پولیس کے ایس پی علی رضا نے وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ايک ہزار سے زائد سيکورٹي اہلکار ٹيم کي قيام گاہ جبکہ 10 ہزارسے زائد روٹ اور اسٹيڈيم کے گرد و نواح ميں تعينات کیے جائیں گے۔

لاہور پولیس کے ایس ایس پی آپریشن اطہر اسماعیل نے وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ میچوں کے موقع رينجرز اور ديگر سکيورٹي اداروں کے اہلکار حساس مقامات پر تعينات رہيں گے۔

انہوں نے بتایا کہ ٹيموں کے روٹ اور اسٹيڈيم کي فضائي نگراني بھي کي جائے گي جب کہ ميچز سے قبل سول لائن ڈويژن اور اسٹيڈيم سے ملحقہ علاقوں ميں سرچ آپريشن کيے جائيں گے۔

XS
SM
MD
LG