افغان کرکٹ ٹیم اپنا پہلا ٹیسٹ بھارت کے خلاف کھیلے گی

فائل

بھارتی کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو افسر، راہول جوہری نے تصدیق کی ہے کہ بھارت، افغان کرکٹ ٹیم کی میزبانی کرے گا اور دونوں ملکوں کے بورڈ جلد میچز کی تاریخ اور مقام کا تعین کریں گے

افغانستان کی کرکٹ ٹیم اپنا پہلا ٹیسٹ میچ 2018ء میں بھارت کے خلاف کھیلے گی۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو افسر، راہول جوہری نے تصدیق کی ہے کہ بھارت، افغان کرکٹ ٹیم کی میزبانی کرے گا اور دونوں ملکوں کے بورڈ جلد میچز کی تاریخ اور مقام کا تعین کریں گے۔

کرکٹ ویب سائٹ ’کرک انفو‘ کی رپورٹ کے مطابق، آئرلینڈ کے ساتھ جون میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی مکمل رکنیت ملنے کے بعد افغانستان اپنے پہلے ٹیسٹ میچ کے لئے کسی ملک کا متلاشی تھا۔ آئرلینڈ نے پہلے ہی تصدیق کردی ہے کہ وہ مئی 2018ء میں اپنا پہلا ٹیسٹ پاکستان کے خلاف کھیلے گا۔

اگر افغانستان آئندہ سال بھارت کے خلاف اپنا افتتاحی میچ کھیلتا ہے تو وہ پہلا ٹیسٹ بھارت کے خلاف کھیلنے والا چوتھا ملک ہوگا، اس سے قبل پاکستان نے 1952ء میں نئی دہلی، زمبابوے نے 1992ء میں ہرارے اور بنگلادیش نے 2000ء میں ڈھاکا میں بھارت کے خلاف اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلا تھا۔

ابتدا میں، زمبابوے نے آئندہ برس کے اوائل میں بنگلادیش کے دورے سے قبل متحدہ عرب امارات میں افغانستان کے خلاف کھیلنا تھا۔ تاہم، زمبابوے کرکٹ نے افغانستان کرکٹ بورڈ کو آگاہ کیا کہ وہ اپنی توجہ مارچ میں ورلڈ کپ کوالیفائرز پر مرکوز رکھنا چاہتے ہیں۔ لہٰذا، وہ اپنے کھلاڑیوں پر ورک لوڈ نہیں بڑھا سکتے۔

اکتوبر میں افغانستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین عاطف مشال اور چیف ایگزیکٹو افسر شفیق اللہ استانک زئی نے ممبئی میں راہول جوہری سے ملاقات کی تھی، جس میں بھارت سے افغانستان کے خلاف کھیلنے کی درخواست کی گئی تھی۔

پیر کے روز دہلی میں بھارتی کرکٹ بورڈ کے خصوصی اجلاس کے بعد جوہری نے بتایا کہ افغانستان اپنا پہلا ٹیسٹ ہمارے ساتھ کھیلنے کی درخواست کی تھی، جس پر بورڈ نے رضامند ہوگیا ہے۔

دونوں ملکوں کے بورڈ شیڈول کو حتمی شکل دینے کے لئے جلد دبئی میں ملاقات کریں گے، امکان ہے کہ افغانستان کے خلاف ٹیسٹ 2018ء کے آخر میں بھارت کے دورہ آسٹریلیا سے پہلے کھیلا جائے گا۔

استانک زئی نے بھارتی کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تاریخی ٹیسٹ میچ ہوگا۔