ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا سپر 12 مرحلہ اپنے اختتام کی جانب گامزن ہے۔بدھ کو گروپ بی کے اہم میچ میں بھارت نے بنگلہ دیش کو پانچ رنز سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرلی ہے۔ وہیں پاکستان ٹیم کی سیمی فائنل تک رسائی اب تک اگر مگر کی صورتِ حال سے دوچار ہے۔
پاکستان ٹیم ایونٹ میں اپنا چوتھا میچ جمعرات کو جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گی جو اس وقت ٹورنامنٹ میں واحد ناقابل شکست ٹیم ہے۔ گرین شرٹس کی سیمی فائنل تک رسائی کا دار و مدار اس میچ میں بڑی کامیابی پر ہوگا۔
اگر پاکستان کو جنوبی افریقہ کے ہاتھوں شکست ہوئی تو وہ سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوجائے گا جب کہ میچ میں کامیابی کی صورت میں اس کا اگلا میچ مزید اہم بنا دے گی۔
اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر چار میچوں کے بعد بھارت کے چھ اور تین میچز کے بعد جنوبی افریقہ کے پانچ پوائنٹس ہیں۔ یہ دونوں ٹیمیں اس گروپ سے سیمی فائنل کی دوڑ میں سب سے آگے ہیں۔
بنگلہ دیش کی ٹیم کے چار میچوں کے بعد چار پوائنٹس ہیں جبکہ زمبابوے کی ٹیم تین پوائنٹس حاصل کرسکی ہے، البتہ وہ سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہے۔
اگر پاکستان ٹیم نے جمعرات کو جنوبی افریقہ جب کہ اتوار کو بنگلہ دیش کو بڑے مارجن سے شکست دی تو اس کے بھی چھ پوائنٹس ہو جائے گے۔ تاہم اگر بنگلہ دیش نے پاکستان کو ہرا دیا تو اس کے بھی چھ پوائنٹس ہوں گے اور پاکستان ٹیم ایونٹ سے باہر ہوجائے گی۔
اتوار کو ہی جنوبی افریقہ کا میچ نیدرلینڈز سے ہوگا جس میں کامیابی پروٹیز کو سیمی فائنل تک پہنچا دے گی، جس کے بعد پاکستان یا بنگلہ دیش جس ٹیم کے بھی چھ پوائنٹس ہوں گے وہ اپنے آخری میچ کے بعد پوائنٹس کے حساب سے بھارت کے برابر ہوں گے۔
تاہم سپر 12 مرحلے کا آخری میچ بھارت اور زمبابوے کے درمیان ہوگا جس میں اگر بھارتی ٹیم فتح حاصل کرلیتی ہے تو جنوبی افریقہ کے ساتھ وہ سیمی فائنل میں پہنچ جائے گی۔یہ میچ اگر بارش سے متاثر ہوا تو اس صورت میں بھی پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں ایونٹ سے باہر ہوجائیں گی۔
بنگلہ دیش کا ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ بھارت نے غلط ثابت کردیا
بدھ کو ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیشی کپتان شکیب الحسن نے بھار ت کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی، بھارتی ٹاپ آرڈر زنے اس دعوت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پہلے دس اوورز میں دو وکٹ کے نقصان پر 86 رنز بنائے۔
بھارتی بیٹر کے ایل راہول 32 گیندوں پر 50 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تو وراٹ کوہلی نے جارحانہ بلے بازی کا سلسہ جاری رکھا اور ٹیم کا اسکور چھ وکٹ کے نقصان پر 184 رنز تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
کوہلی 44 گیندوں پر 64 رنز بناکر نہ صرف ناٹ آؤٹ رہے بلکہ انہوں نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ سری لنکا کے مہیلا جے وردھنے سے چھین لیا۔
بدھ کو ہی آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن پر پہنچنے والے سوریا کمار یادیو نے 30 رنز بنا کر اپنی ترقی کا جشن منایا۔ اس سے قبل پاکستان کے محمد رضوان اس پوزیشن پر براجمان تھے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے حسن محمود تین اور کپتان شکیب الحسن نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
بارش بنگلہ دیشی اوپنرز کی جارح مزاجی کو بہا لے گئی
بھارت کے 185 رنز کے ہدف کے جواب میں بنگلہ دیش کو ان کے اوپنرز لٹن داس اور نجم الحسن نے شاندار آغاز فراہم کیا اور سات اوورز میں ٹیم کا اسکور 66 رنز تک پہنچا دیا۔ اس دوران بارش کی وجہ سے کھیل کو روکنا پڑا۔
جس وقت میچ روکا گیا اس وقت لٹن داس نے صرف 26 گیندوں پر سات چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 59 رنز اسکور کرلیے تھے۔
بارش کے بعد بنگلہ دیش کو 16 اوورز میں 151 رنز کا نیا ہدف ملا تو سب سے پہلے لٹن داس 60 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، جس کے بعد نجم الحسن 21 رنز بناکرواپس پویلین لوٹ گئے۔ ان دونوں کے بعد تمام بلے باز جلدی آؤٹ ہوگئے۔
بنگلہ دیش کو آخری اوور میں 20 رنز درکار تھے، وکٹ کیپر بیٹر نورالحسن 14 گیندوں پر 25 رنز بنا کر ٹیم کو ہدف کے قریب تو لائے لیکن ٹیم 16 اوورز میں چھ وکٹ کے نقصان پر 145 رنز ہی بنا سکی۔
بھارت کی جانب سے ارشدیپ سنگھ اور ہاردیک پانڈیا دو دو وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بالر رہے۔ وراٹ کوہلی کو ان کی شاندار بلے بازی پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
نیدرلینڈز کے ہاتھوں زمبابوے کو شکست
اس سے قبل ایڈیلیڈ ہی میں کھیلے گئے میچ میں نیدرلینڈز کی ٹیم نے زمبابوے کو شکست دے دی۔
زمبابوے کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے سکندر رضا کے 40 رنز کی بدولت 19 اعشاریہ دو اوورز میں 117 رنز بنائے، سکندر رضا اور شان ولیمز کے سوا کوئی بھی زمبابوین بیٹر ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکا۔
جواب میں نیدرلینڈز کی ٹیم نے میکس اوڈاؤڈ کی نصف سینچری کی بدولت ہدف 18 ویں اوور میں حاصل کرلیا۔ نیدرلینڈز کی ٹیم اپنے چار میں سے ایک میچ جیتنے میں کامیاب رہی ہے۔