بدعنوانی کے دو مقدمات کی سماعت کے دوران عدالت میں پیش نہ ہونے پر، بنگلہ دیش کی ایک عدالت نے بدھ کے روز سابق وزیر اعظم، خالدہ ضیا کے گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے ہیں۔
اُن کے وکلاٴ کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش میں جاری کشیدگی کے باعث اُنھیں اپنے تحفظ کے بارے میں تشویش لاحق تھی، اور یہ کہ اُنھیں اپنے دفتر تک محدود رکھا گیا ہے۔
مز ضیا پر ایک خیراتی ادارے کے لیے غیر قانونی طور پر ایک قطع زمین خریدنے کا الزام ہے، جو اُن کے مرحوم شوہر، سابق صدر ضیاٴالرحمٰن کے نام پر قائم ہے۔
اُن کا کہنا ہے کہ یہ الزامات سیاسی وجوہ پر لگائے گئے ہیں۔ اُن کی جماعت نے گذشتہ ماہ منعقد ہونے والے پارلیمانی انتخابات کا بائیکاٹ کیا تھا۔ موجودہ وزیر اعظم شیخ حسینہ کا ہٹانے کی کوشش میں، اُنھوں نے اپنے حامیوں سے کہا تھا کہ ووٹنگ کے دوران وہ ملک بھر میں ٹرانسپورٹ بند رکھیں۔
بنگلہ دیش کی اِن دو اہم جماعتون کے درمیان تناؤ کے نتیجے میں احتجاجی مظاہرے اور تشدد کی کارروائیاں ہوئیں، جِن کے باعث تقریبا ً 100 افراد ہلاک ہوئے۔