بلنکن اس ہفتے ویت نام اور جاپان کا دورہ کریں گے

امریکی وزیر خارجہ انٹنی بلنکن بلغاریہ میں ایک اجلاس کے دوران خطاب کر رہے ہیں۔ 30 نومبر 2022

امریکی وزیر خارجہ انٹنی بلنکن اس ہفتے ویتنام اور جاپان کا دورہ کر رہے ہیں۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ امریکہ کے اعلیٰ ترین سفارت کار کے طور پر بلنکن کا ویتنام کا پہلا دورہ ایک ایسے وقت ہورہا ہے جب دونوں ممالک اپنے موجودہ رہنما اس سال ایک دوسرے کے دارالحکومتوں کا سرکاری دورہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں ۔

ویتنام کے بعد، بلنکن جاپان جائیں گے، جہاں سات اہم صنعتی ممالک کے گروپ کے وزرائے خارجہ اہم سیکیورٹی مسائل پر تبادلہ خیال کے لیے ناگانو میں اکھٹے ہوں گے۔

اس سال امریکہ اور ویتنام کے درمیان جامع شراکت داری کی 10ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔ دونوں ممالک اس بارے میں تبادلہ خیال کر رہے ہیں کہ تعلقات کو اگلی سطح تک کیسے بڑھایا جائے –

محکمہ خارجہ نے پیر کو کہا، ’’بلنکن، ویتنام کے سینئر حکام سے ملاقات کریں گے تاکہ ایک منسلک، خوشحال، پرامن، اور لچکدار ہند-بحرالکاہل خطے کے قیام کے لیے مشترکہ وژن پر تبادلہ خیال کیا جا سکے‘‘۔

بلنکن کی ہنوئی میں سینئر ویتنامی عہدیداروں کے ساتھ ملاقاتیں، 29 مارچ کو امریکی صدر جو بائیڈن اور ویتنام کی حکمران کمیونسٹ پارٹی کے سربراہ نائن فو چنک کے درمیان ایک کال کے بعد ہو رہی ہیں۔ اس فون کال میں دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات کو وسعت دینے پر اتفاق کیا تھا۔

"اس بات چیت کے ایک حصے میں دونوں طرف کے رہنماؤں کے ایک دوسرے کے دارالحکومتوں کے باہمی دورے شامل ہیں۔ تاہم یہ طے ہونا باقی ہے کہ یہ دورے کب ہوں گے۔

SEE ALSO: جاپانی وزیر اعظم کا یوکرین کا دورہ: یکجہتی اورغیر متزلزل حمایت کا اظہار

ویتنام کے دوسرے ممالک کے سات تین سطح کے سفارتی تعلقات قائم ہیں۔یعنی جامع شراکت داری، اسٹریٹجک پارٹنرشپ اور جامع اسٹریٹجک شراکت داری کی سطح کے سفارتی تعلقات۔ امریکہ، ویتنام کے لیے سب سے بڑی برآمدی مارکیٹ ہے لیکن اس وقت واشنگٹن کے ساتھ ہنوئی کے سفارتی تعلقات تیسرے درجے میں آتے ہیں، جب کہ روس اور چین کے ساتھ ویت نام کے تعلقات اعلیٰ ترین درجے میں ہیں۔

محکمہ خارجہ نے کہا کہ بلنکن کے جی سیون اجلاسوں میں روس کی یوکرین کے خلاف جاری جنگ، جوہری تخفیف اسلحہ اور عدم پھیلاؤ، خوراک اور توانائی کی حفاظت، اور آزاد اور کھلے سمندروں ہند بحرالکاہل کے لیے ایک مثبت وژن کو آگے بڑھانے سمیت دیگر مسائل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

(وی او اے نیوز)