چیمپئنز ٹرافی میں گروپ ’بی‘ کے اہم میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو جیت کیلئے 220رنز کا ہدف دیا ہے۔ ڈیوڈ ملر نے ناقابل شکست 75رنز بنائے۔
ایجبسٹن، برمنگھم میں کھیلے جانے والے میچ میں جنوبی افریقہ کے کپتان اے بی ڈیولیئرز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ ’اِن فارم‘ بیٹسمین ہاشم آملہ اور کوئنٹن ڈی کوک نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 8اوورز میں 39 رنز بنائے۔
اس موقع پر پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے بولنگ میں تبدیلی کی جو کارگر ثابت ہوئی اور اسپنر عماد وسیم نے ہاشم آملہ کو 16 رنزپر پویلین کی راہ دکھا دی۔
دوسرے اینڈ پر محمد حفیظ نے ڈی کوک کو 33رنز پر ایل بی ڈبلیو کر دیا۔
ڈی کوک کے بعد دنیا کی نمبر ون ٹیم کے جارح مزاج کپتان ڈیولیئرز بیٹنگ کیلئے میدان میں اترے۔ لیکن، پہلی ہی گیند پر محمد حفیظ کو کیچ دے بیٹھے۔ یہ وکٹ بھی عماد وسیم کے حصے میں آئی۔
ڈیولیئرز کے ون ڈے انٹرنیشنل کیریئر میں یہ پہلا موقع ہے جب وہ گولڈن ڈک پر آؤٹ ہوئے ہیں۔
صرف 21 رنز کے اضافے پر یکے بعد دیگر ے تین وکٹیں گرنے کے بعد ڈوپلیسی اور ملر نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور90 رنز تک پہنچا دیا۔
دونوں کی پارٹنرشپ مستحکم ہوتی جا رہی تھی کہ سرفراز نے بولنگ میں ایک اور تبدیلی کی اور حسن علی کو بولنگ کیلئے لائے ۔
حسن نے اپنے دوسرے ہی اوور میں پہلے ڈوپلیسی کو 26رنز پرکلین بولڈ کر دیا۔ ڈومینی 8 اور پارنیل بغیر کھاتہ کھولے حسن علی کا شکار بنے۔
ڈیوڈ ملر نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ایک اینڈ سنبھالے رکھا اور موریس کے ساتھ مل کر ساتویں وکٹ کی شراکت میں 47رنز جوڑے۔ اس موقع پر موریس 28رنز بنا کر جنید خان کی گیند پر باؤنڈری لائن پر حسن علی کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔
ملر اور ربادا نے آٹھویں وکٹ کی شراکت میں48 رنز بنا کر اسکور 213 تک پہنچا دیا، ربادا گیند کو باؤنڈری لائن سے باہر پھینکنے کی کوشش میں 26رنز بنا کر جنید خان کی گیند پر حسن علی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
اس طرح جنوبی افریقہ کی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 219 رنز بنائے۔ ملر 75 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے، یہ ون ڈے انٹرنیشنل میں ان کی 10ویں نصف سنچری ہے۔
پاکستان کی طرف سے حسن علی نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے3وکٹیں حاصل کیں، جبکہ عماد وسیم اور جنید خان نے 2،2 اور محمد حفیظ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔