فیفا ورلڈ کپ: پری کوارٹر فائنل مرحلے میں کون کس کے مدِمقابل ہو گا؟

فیفا ورلڈ کپ میں اپ سیٹ کا سلسلہ پہلے راؤنڈ کے آخری روز تک جاری رہا۔ پری کوارٹر فائنل مرحلے سے ایک دن قبل پانچ بار کی فاتح برازیل کو کیمرون کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست کاسامنا کرنا پڑا تو فیورٹ پرتگال کو جنوبی کوریا نے شکست دے کر سب کو حیران کر دیا۔

اس کامیابی کے ساتھ ہی کیمرون کی ٹیم برازیل کو عالمی کپ میں شکست دینے والی پہلی افریقی ٹیم بن گئی۔ کیمرون کی جانب سے یہ فیصلہ کن گول ونسینٹ ابوبکر نے اضافی وقت میں اسکور کیا۔ یہ برازیل کے خلاف اس ورلڈ کپ میں ہونے والا پہلا گول تھا۔

اس سے قبل جنوبی کوریا نے پرتگال کو دو ایک سے ہرا کر اپنے گروپ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کر لی۔ جنوبی کوریا کی کامیابی کی وجہ سے دو مرتبہ کی چیمپئن یوراگوئے کی ٹیم گھانا کو ہرانے کے باوجود خراب گول اوسط پر ایونٹ سے باہر ہوگئی۔

اس ورلڈ کپ میں یہ نہ تو پہلا موقع ہے کہ کسی بڑی ٹیم کو اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا نہ ہی آخری۔ پہلے ہی راؤنڈ میں مراکش کا بیلجیم کو شکست دینا، سعودی عرب کا ارجنٹائن کے خلاف میچ جیتنا۔جاپان کا جرمنی کو ہرانا، تیونس کا دفاعی چیمپئن فرانس کو زیر کرنا، اور ایران کی ویلز کے خلاف کامیابی بھی کافی دنوں تک یاد رہے گی۔

لیکن برازیل اور پرتگال کا آخری دن میچ ہارنا اس لیے بڑی بات ہے کیوں کہ آج ہی شروع ہونے والے پری کوارٹر فائنل مرحلے سے قبل یہ ناکامی کھلاڑیوں کا مورال ڈاؤن کرسکتی ہے۔


پری کوارٹر فائنل میں پہنچنے والی ٹیموں کی عالمی رینکنگ پر ایک نظر

اس ورلڈ کپ کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں راؤنڈ آف سکسٹین میں جگہ بنانے والی ٹیموں کا تعلق ہر برِاعظم سے ہے۔ اس میں افریقہ سے سینیگال اور مراکش ہیں تو ایشیا سے جاپان اور جنوبی کوریا نے جگہ بنائی ہے۔ آسٹریلیا کی ٹیم بھی پری کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔

شمالی امریکہ کی نمائندگی امریکی ٹیم کرے گی جب کہ جنوبی امریکہ سے ارجنٹائن اور برازیل پری کوارٹر فائنل کھیلیں گے، یورپ سے سب سے زیادہ آٹھ ٹیمیں پری کوارٹر فائنل میں پہنچی ہیں جن میں دفاعی چیمپئن فرانس، پرتگال، اسپین ، نیدرلینڈز، پولینڈ ، کروشیا، سوئٹزرلینڈ اور انگلینڈ شامل ہیں۔

ان ٹیموں کی اگر عالمی رینکنگ پر نظر ڈالی جائے تو کوارٹر فائنل میں پہنچنے والی ٹیموں کے بارے میں تھوڑا سا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ برازیل کی ٹیم پہلی پوزیشن پر ہونے کی وجہ سے فیورٹ ہے جب کہ تیسرے نمبر پر ارجنٹائن، چوتھے پر فرانس اور پانچویں پر انگلینڈ براجمان ہے۔

اسپین، نیدرلینڈز اور پرتگال کی ٹیمیں ساتویں، آٹھویں اور نویں نمبر پر ہیں جب کہ کروشیا کا 12واں، سوئٹزرلینڈ کا 15واں اور امریکہ کا سولہواں نمبر ہے۔

سینیگال کی ٹیم اس وقت 18ویں پوزیشن پر ہے جب کہ مراکش 22ویں اور جاپان24 ویں نمبر پر موجود ہے۔پولینڈ اور جنوبی کوریا کا بالترتیب 26واں اور 28 واں نمبر ہے جب کہ 38ویں پوزیشن پر موجود آسٹریلیا پری کوارٹر فائنل میں پہنچنے والی سب سے نچلے نمبر کی ٹیم ہے ۔


یوں دفاعی چیمپئن فرانس، سابق چیمپئن برازیل ، ارجنٹائن، اسپین اور انگلینڈ کے ساتھ ساتھ نیدرلینڈز، کروشیا اور پرتگال کو پری کوارٹر فائنل میں نسبتاً کمزور حریف کا سامنا ہوگا۔ لیکن ایک ایسے ورلڈ کپ میں جس میں بڑی ٹیموں کو متعدد اپ سیٹ شکست ہوئیں کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا۔

پری کوارٹر فائنل میں کون سی ٹیم کس کے مدمقابل ہو گی؟

اس وقت جتنی ٹیموں نے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی ہے، اس میں سے پانچ اس سے قبل کم از کم ایک بار ورلڈ کپ جیت چکی ہیں جب کہ 11 ٹیمیں اب بھی اپنی پہلی ٹرافی کا انتظار کررہی ہیں۔

جو ٹیمیں دوسرے راؤنڈ میں پہنچ چکی ہیں، ان میں گروپ اے سے نیدرلینڈز اور سینیگال، گروپ بی سے انگلینڈ اور امریکہ ، گروپ سی سے ارجنٹائن اور پولینڈ اور گروپ ڈی سے فرانس اور آسٹریلیا شامل ہیں۔

گروپ ای سے جاپان اور اسپین، گروپ ایف سے مراکش اور کروشیا، گروپ جی سے برازیل اور سوئٹزرلینڈ جب کہ گروپ ایچ سے پرتگال اور جنوبی کوریا نے دوسرے مرحلے کے لیے کوالی فائی کیا ہے۔


اس لحاظ سے ٹورنامنٹ کا پہلا پری کوارٹر فائنل ہفتے کی شب رات آٹھ بجے نیدرلینڈز اور امریکہ کے درمیان کھیلا جائے گا جب کہ دوسرے پری کوارٹر فائنل میں ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب رات 12 بجے ارجنٹائن اور آسٹریلیا کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔

اتوار ہی کو رات آٹھ بجے دفاعی چیمپئن فرانس اور پولینڈ کی ٹیمیں اگلے مرحلے تک رسائی کے لیے تیسرے پری کوارٹر فائنل میں میدان میں اتریں گی جب کہ سینیگال اور انگلینڈ کی ٹیمیں اتوار اور پیر کی درمیانی شب رات 12 بجے چوتھے پری کوارٹر فائنل میں آمنے سامنے ہوں گی۔

ایونٹ کا پانچواں پری کوارٹر فائنل پیر کو آٹھ بجے جاپان اور کروشیا کے درمیان ہوگا جب کہ اسی رات بارہ بجے چھٹا کوارٹر فائنل جنوبی کوریا اور برازیل کے درمیان کھیلا جائے گا۔


منگل کو آٹھ بجے ساتویں پری کوارٹر فائنل میں مراکش کا مقابلہ سابق عالمی چیمپئن اسپین سے ہوگا جب کہ اس مرحلے کا آخری میچ منگل اور بدھ کی درمیانی رات پرتگال اور سوئٹزرلینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔

پہلے راؤنڈ کا اختتام پرتگال اور برازیل کی اپ سیٹ شکست پر ہوا، یوراگوئے دو صفر سے جیت کر بھی آؤٹ

فٹ بال ورلڈ کپ کا پہلا راؤنڈ اپنے ساتھ جہاں چار بار کی سابق چیمپئن جرمنی اور عالمی نمبر تین بیلجیم کو لے گیا وہیں 1930 اور 1950 میں ٹرافی جیتنے والی یوراگوئے کا سفر بھی اس راؤنڈ میں ختم ہوگیا۔


یوراگوئے کی ٹیم نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد گھاناکے خلاف گروپ ایچ کا اہم میچ تو جیت لیا، لیکن پھر بھی ناک آؤٹ مرحلے تک رسائی نہ حاصل کرسکی۔ اس کی وجہ بیک وقت کھیلے جانے والے گروپ ایچ کے ایک اور میچ میں جنوبی کوریا کی حیران کن پرفارمنس تھی جس نے پہلی بار پرتگال کو ورلڈ کپ میں پہلا گول اسکور کرنے کے باوجود شکست دی۔

میچ کے پانچویں منٹ میں پرتگال نے رکارڈو ہورٹا کے گول کی بدولت جو برتری حاصل کی اسے 22 منٹ بعد کم ینگ گوون نے برابر کردیا۔ مقررہ وقت تک میچ ایک ایک سے برابر تھا لیکن اضافی وقت میں ہوانگ ہی چین کے گول نے بازی پلٹ دی۔

جنوبی کوریا کے اسٹرائیکر کے فیصلہ کن گول نے نہ صرف ٹیم کو پرتگال کے خلاف اپ سیٹ شکست دلادی بلکہ پوراگوئے اور گھانا کے میچ کے نتیجے کو بے معنی بنادیا۔

اگر یوراگوئے کی ٹیم دو صفر کے بجائے یہ میچ تین صفر سے جیتتی تو بہتر گول اوسط پر دوسرا راؤنڈ کھیل لیتی۔لیکن دو بار کی سابق چیمپئن کی جانب سے سوائے جورجین ڈی اراسکائٹا کے، پوے ایونٹ میں کسی نے گول اسکور نہیں کیا۔ اسی وجہ سے جنوبی کوریا کے ساتھ چار پوائنٹس شیئر کرنے کے باوجود ان کا سفر پہلے راؤنڈ میں ختم ہوگیا۔


گھاناکی ٹیم جو لوئس سواریز سے 2010 کے کوارٹر فائنل کا بدلہ لینے کے لیے میچ میں آئی تھی، اس معیار کا کھیل نہ پیش کرسکی جس کی اس سے امید تھی پھر بھی میچ کے آخر میں افریقی ٹیم کے کھلاڑیوں نے یوراگوئے کو تیسرا گول نہ اسکور کرنے دیا اور یوں جنوبی کوریا کی ٹیم اگلے مرحلے میں پہنچ گئی۔

ادھرگروپ جی میں برازیل کی ٹیم کو کیمرون کے ہاتھوں ایک صفر سے اپ سیٹ شکست ہوئی لیکن اس ناکامی کے باوجود وہ پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ پر رہے۔ دوسرے میچ میں سوئٹزرلینڈ نے سربیا کو دو کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے کر دوسرے مرحلے کا ٹکٹ اپنے نام کیا۔


برازیل کے میچ کی سب سے خاص بات 39 سالہ ڈینی ایلویس کی واپسی تھی جنہوں نے کپتان تھیاگو سلوا کی غیرموجودگی میں ٹیم کی قیادت کی۔ امکان ہے کہ تھیاگو سلوا کو جنہیں آرام کی غرض سے باہر بٹھایا گیا جب کہ نیمار بھی اگلے راؤنڈ میں برازیلین مینجمنٹ کو دستیاب ہوں گے جس کا انتظار ان کے مداح بے تابی سے کررہے ہیں۔