پی ایس ایل-8 کی پہلی سینچری مارٹن گپٹل کے نام، پوائنٹس ٹیبل پر سلطانز ٹاپ پر

مارٹن گپٹل نے نہ صرف اس سیزن کی پہلی سینچری اسکور کی بلکہ ایونٹ میں بڑی انفرادی  اننگز کھیلنے والے کھلاڑیوں میں شامل ہوگئے۔

مارٹن گپٹل نے نہ صرف اس سیزن کی پہلی سینچری اسکور کی بلکہ ایونٹ میں بڑی انفرادی  اننگز کھیلنے والے کھلاڑیوں میں شامل ہوگئے۔

پاکستان سپرلیگ کےاتوار کو اہم میچ میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 52 رنز سے شکست دے دی ہے۔

ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے چار وکٹوں کےنقصان پر 190 رنز بنائے۔ ڈیوڈ ملر کے 52 اور محمد رضوان کے 50 رنز کے بدولت سلطانز نے جو اسکور بورڈ پر ڈالا اسے شاداب خان کی ٹیم پورا نہ کرسکی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ 18 اوورز میں ہی 138 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔وین ڈر ڈوسن کے 49 رنز اسلام آباد کو فتح نہ دلاسکے۔

عباس آفریدی کی4 وکٹوں نے ملتان سلطانز کو فتح دلانے میں اہم کردار اداکیا۔

کراچی کنگز کو ایک اورشکست

قبل ازیں ہفتے کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں ایڈیشن کے چھٹے میچ میں میزبان کراچی کنگز کو ایک اور شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ سرفراز احمد کی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد یہ میچ 6 رنز سے جیت لیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جیت میں سب سے اہم کردار نیوزی لینڈ سے آئے ہوئے اوپننگ بلے باز مارٹن گپٹل کا تھا جنہوں نے نہ صرف اس سیزن کی پہلی سینچری اسکور کی بلکہ ایونٹ میں بڑی انفرادی اننگز کھیلنے والے کھلاڑیوں میں شامل ہوگئے۔

اپنی سابقہ ٹیم کے خلاف کھیلتے ہوئے مارٹن گپٹل نے 62 گیندوں پر سینچری اسکور کی جو اب تک پاکستان سپر لیگ کی سب سے سست ترین سنچری تو ہے, لیکن اس کے باوجود ان کی اننگز ٹیم کا اسکور 7 وکٹ کے نقصان پر 168 رنز تک پہنچانے میں کامیاب ہوئی۔

اگر مارٹن گپٹل اننگز کی آخری گیند پر آؤٹ نہ ہوتے تو امکان تھا کہ پی ایس ایل کی تاریخ میں ان کا نام ایک اننگز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں ٹاپ ٹو میں شامل ہوتا لیکن 67 گیندوں پر 117 رنز بناکر آؤٹ ہونے کی وجہ سے اب وہ چوتھی پوزیشن پر ہیں۔

پی ایس ایک میں سب سے بڑی انفرادی اننگز کا ریکارڈ اب بھی کراچی کنگز کے کولن انگرم کے پاس ہے جنہوں نے 2019 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف شارجہ کے مقام پر 59 گیندوں پر 127 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تھی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کیمرون ڈیل پورٹ کے ناقابل شکست 117 رنز جو انہوں نے لاہور قلندرز کے خلاف 2019 کےایڈیشن میں بنائے تھے، وہ آج بھی پی ایس ایل کی دوسری بڑی انفرادی اننگز ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے پشاور زلمی کے خلاف پہلے پی ایس ایل میں 62 گیندوں پر 117 رنز بنانے والے شرجیل خان اس فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں جبکہ مارٹن گپٹل کا آج کی اننگز کے بعد اب چوتھا نمبر ہے۔

مارٹن گپٹل کے ایک اوور میں تین چوکے، تین چھکے

کراچی میں کھیلے گئے میچ میں میزبان ٹیم کے کپتان عماد وسیم نے سرفراز احمد کی کوئٹہ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

آغاز میں کراچی کنگز کے کپتان نے حریف ٹیم کے پہلے تین بلے بازوں کو آؤٹ کرکے اپنے فیصلے کو درست ثابت کیا, لیکن مارٹن گپٹل شاید کسی اور موڈ میں تھے۔

پہلے انہوں نے افتخار احمد کے ساتھ مل کر 69 رنز کی شراکت قائم کرکے اننگز کو سنبھالا۔ اس کے بعد 44 گیندوں پر ففٹی بنانے کے بعد اگلی 18 گیندوں پر دوسری ففٹی بنا کر 62 گیندوں پر سینچری اسکور کی۔

اننگز کے 19ویں اوور میں جب آسٹریلوی آل راؤنڈر اینڈریو ٹائے بالنگ کے لیے آئے تو گپٹل کا انفرادی اسکور 78 رنز تھا۔ لیکن اس اوور کے ختم ہوتے وقت وہ 108 رنز پر بیٹنگ کررہے تھے۔

اوور کی پہلی گیند پر چوکا مارنے کے بعد انہوں نے دوسری گیند پر چھکا رسید کیا جس کے بعد تیسری گیند پر وہ ایک اور چوکا مار کر نائنٹیز میں داخل ہوگئے۔ مسلسل دو گیندوں پر دو بلند و بالا چھکے مارکر گپٹل نے اس سیزن کی اور پی ایس ایل میں اپنی پہلی سنچری اسکور کی۔

اس اوور کی آخری گیند پر چوکا مار کر وہ ان کھلاڑیوں کے کلب میں شامل ہوگئے جنہوں نے ایک اوور میں 30 یا اس سے زیادہ رنز بنائے۔

خیال رہے کہ اس وقت پی ایس ایل کے ایک اوور میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ دانش عزیز کے پاس ہے, جنہوں نے 2021 میں کراچی کنگز کی نمائندگی کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے جیک ولڈرموتھ کے خلاف 33 رنز اسکور کیے تھے۔

اسی سیزن میں پشاور زلمی کے عماد بٹ نے آسٹریلیا کے ڈین کرسچن کے ایک اوور میں 32 رنز بٹور کر ریکارڈ بنایا تھا جسے چند ہی دنوں بعد دانش عزیز نے اپنے نام کرلیا تھا۔

جب مارٹن گپٹل اننگز کی آخری گیند پر 117 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تو کوئٹہ کا اسکور 7 وکٹ پر 168 رنز تھا۔ عماد وسیم اور عامر یامین تین، تین وکٹوں کے ساتھ کراچی کے کامیاب ترین بالرز تھے۔ جبکہ 4 اوورز میں 55 رنز دے کر اینڈریو ٹائے کافی مہنگے ثابت ہوئے۔

کراچی کنگز کو ہوم گراؤنڈ پر مسلسل آٹھویں شکست

کوئٹہ گلیڈیئٹرز کے 169 رنز کے جواب میں کراچی کنگز کی ٹیم آغاز سے ہی مشکلات کا شکار رہی۔ شرجیل خان اور حیدر علی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے جبکہ جیمز وینس کے 22، میتھیو ویڈ کے 15 اور کپتان عماد وسیم کے 5 رنز بھی ٹیم کے خاص کام نہ آئے۔

ایسے میں شعیب ملک نے ذمہ داری سے بیٹنگ کرتے ہوئے ایک اینڈ سنبھالے رکھا اور عرفان خان نیازی کے ساتھ چھٹی وکٹ کی شراکت میں ناقابل شکست 86 رنز جوڑے۔

شعیب ملک صرف 49 گیندوں پر 71 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ تو رہے لیکن ان کی اننگز ٹیم کو شکست سے نہ بچاسکی۔

ان کی اننگز میں 8 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا جبکہ عرفان خان نیازی نے ان کا ساتھ 26 گیندوں پر 37 رنز بناکر دیا۔ لیکن بھرپور کوشش کے باوجود وہ صرف چھ رنز کی دوری کی وجہ سے ٹیم کو کامیابی نہ دلاسکے۔

جب میچ کا آخری اوور کرنے اوڈین اسمتھ آئے تو کراچی کنگز کو جیت کے لیے 6 گیندوں پر 24 رنز درکار تھے۔

شعیب ملک کے دو چوکوں نے اور پھر پانچویں گیند پر عرفان نیازی کے چھکے نے کراچی کو آخری گیند پر 8 رنز کا ہدف دیا۔ لیکن آخری گیند پر صرف ایک رن نے کراچی کنگز کو فتح سے دور کردیا۔

کوئٹہ کی فتح میں سے فاسٹ بالرز نسیم شاہ اور محمد حسنین کی تیز بالنگ اور اسپنرز محمد نواز اور قیس احمد کی نپی تلی گیندبازی کا بڑا ہاتھ تھا۔

محمد حسنین دو وکٹوں کے ساتھ کوئٹہ کے سب سے کامیاب بلے باز رہےجبکہ دیگر بالرز نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیا۔

اس میچ میں کامیابی حاصل کرکے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو ہوم گراؤنڈ پر مسلسل آٹھویں شکست سے دو چار کیا۔

یہ کراچی کنگز کی آخری 14 میچز میں 13ویں شکست ہے، جس کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر وہ واحد ٹیم ہے جس کا کوئی پوائنٹ نہیں۔

ملتان سلطانز ٹاپ پر، کراچی کنگز سب سے نیچے

اس کامیابی کے ساتھ ہی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پوائنٹس ٹیبل پر پوزیشن بہتر ہوگئی ہے۔ اس وقت سب سے زیادہ چار میچ کھیل کر ملتان سلطانز کی ٹیم چھ پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جب کہ اسلام آباد یونائیٹڈ دو میچز اور لاہور قلندرز ایک میچ میں کامیابی کے ساتھ دو دو پوائنٹس پر ہیں۔

کوئٹہ کی ٹیم جو اس میچ سے قبل پوائنٹس ٹیبل پر سب سے نیچے تھی، کامیابی نے اسے چوتھی پوزیشن پر پہنچا دیا ہے جہاں دو میچز کے بعد اس کے دو پوائنٹس ہیں۔

ویسے تو پشاور زلمی کے بھی دو میچز کے بعد دو ہی پوائنٹس ہیں، لیکن خراب نیٹ رن ریٹ کی وجہ سے اس کا پانچواں نمبر ہے۔

عماد وسیم کی قیادت میں کراچی کنگز کی مسلسل ناکامیوں کا سلسلہ جاری ہے اور ہوم گراؤنڈ پر شکستوں کی وجہ سے وہ اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر آخری نمبر پر ہے۔

اتوار کو پاکستان سپر لیگ میں دو میچ کھیلے جائیں گے۔ پہلا میچ ملتان میں دوپہر دو بجے میزبان ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلا گیا جس میں ملتان سلطانز نے کامیابی حاصل کی جب کہ شام سات بجے کراچی میں کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کی ٹیمیں آمنے سامنے ہیں۔