ایران: نتانز پر بہتر کارکردگی والے سینڑی فیوجز نصب

’ایران کے ساتھ سفارتی کھڑکی کھلی ہوئی ہے۔ لیکن،یہ کھڑکی غیر معینہ مدت تک کھلی نہیں رہے گی‘: ترجمان وائٹ ہاؤس
اقوام متحدہ کے جوہری توانائی کے ادارے (آئی اے اِی اے)نے کہا ہے کہ ایران نے یورینیئم کی افزودگی کی اپنی کلیدی تنصیب پر بہتر کارکردگی دینے والے سینٹری فیوجز نصب کرنا شروع کردیے ہیں۔

انٹرنیشل ایٹومک اِنرجی ایجنسی (آئی اے اِی اے) کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایران نے تہران کے جنوب میں واقع نتانز کی تنصیب پر نئے (IR-2m) نوعیت کے سینٹری فیوجز لگانے کے کام کا آغاز کردیا ہے۔

آئی اے اِی اے کا خیال ہے کہ اِس تنصیب کے اندر اِس قسم کے کم از کم 100 سینٹری فیوجز کھڑے کیے جاچکے ہیں۔


اگر اِنھیں کامیابی سے چلایا جاتا ہے تو یہ بہتر صلاحیت دینے والے سینٹری فیوجز یورینیئم کی افزودگی کو اگلی سطح تک لے جانے کے کام کر تیز تر کردیں گے، جس کے بارے میں مغربی ممالک کو خدشہ ہے کہ ایران جوہری ہتھیار تیار کرنا شروع کردے گا۔

جمعرات کو امریکہ نے ایران کو خبردار کیا کہ اگر اُس نے26 فروری کو منگل کے روز قزاقستان میں اپنے نیوکلیئر پروگرام پر چھ عالمی طاقتوں (امریکہ، برطانیہ، چین، فرانس، روس اور جرمنی) کے ساتھ مذاکرات میں بین الاقوامی تشویش کا خاطرخواہ جواب نہ دیا، تو اُسے ’مزید دباؤ اور تنہائی‘ کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہوجانا چاہیئے۔

وائٹ ہاؤس ترجمان، جے کارنی نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ سفارتی کھڑکی کھلی ہوئی ہے لیکن، اُن کے بقول، ’یہ کھڑکی غیر معینہ مدت تک کھلی نہیں رہے گی‘۔