آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں بھارت کی ٹیم آسٹریلیا کے 444 رنز کے ہدف کا تعاقب کر رہی ہے۔
لندن کے اوول کرکٹ گراؤنڈ میں ہفتے کو کھیل کے چوتھے دن کا آغاز ہوا تو آسٹریلیا نے اپنی نامکمل دوسری اننگز چار وکٹوں کے نقصان پر 123 رنز سے آگے بڑھانا شروع کی۔ اس موقع پر مارنس لبوشین 41 اور کیمرون گرین سات رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔
لبوشین اپنے مجموعی اسکور میں کوئی اضافہ کیے بغیر ہی اومیش یادیو کی گیند پر پجارا کو کیچ دے بیٹھے۔
چھٹی وکٹ کے لیے کیمرون کے ساتھ الیکس کیری نے 43 رنز جوڑے جس کے بعد 167 پر کیمرونروندرا جڈیجا کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
ان کے بعد آنے والے کھلاڑی مچل اسٹاک تھے جنہوں نے الیکس کیری کے ساتھ اسکور آگے بڑھایا جب آسٹریلیا کا اسکور 260 تک پہنچا تو اسٹارک 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
آسٹریلیا کے اگلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی پیٹ کمنز تھے جنہوں نے پانچ رنز اسکور کیے۔ آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز 270 رنز آٹھ کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کرکے بھارت کو جیت کے لیے 444 رنز کا ہدف دے دیا۔
بھارت کی جانب سے روندرا جڈیجا نے تین ، اومیش یادیو اور محمد شامی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 469 جب کہ بھارتی ٹیم 296 رنز بنا سکی تھی۔
آسٹریلیا کی پہلی اننگز میں ٹریوس ہیڈ نے 163 اور اسٹوین اسمتھ نے 121 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔ بھارت کی جانب سے اجنکایا ریہانے 89 اور روندرا جڈیجا 48 رنز بنا کر نمایاں رہے تھے۔