بھارتی کرکٹ بورڈ نے ایشیا کپ کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا ہے جس کی قیادت روہت شرما کریں گے۔ پاکستان کے بعد بھارت دوسری ٹیم ہے جس کے کھلاڑیوں کے نام اب تک سامنے آ چکے ہیں۔
27 اگست سے متحدہ عرب امارات میں شروع ہونے والے ایونٹ میں بھارتی ٹیم اپنے ٹائٹل کا دفاع کرے گی جب کہ ایونٹ میں شامل سری لنکا، افغانستان، بنگلہ دیش کی ٹیموں کے اسکواڈز کا اعلان ہونا ابھی باقی ہے۔
بھارتی اسکواڈ کپتان روہت شرما، وراٹ کوہلی، کے ایل راہل، سوریا کمار یادیو، رشبھ پنت، دیپک ہودا، دنیش کارتھک، ہاردک پانڈیا، روندرا جدیجا، روی چندرن ایشون، یوزویندر چاہل، روی بشنوئی، بھونیشور کمار، ارشدیپ سنگھ اور اویس خان پر مشتمل ہے۔
دیپک چاہر، اگزر پٹیل اور شہریاس ایئر ریزرو کھلاڑیوں کے طور پر موجود رہیں گے۔
سابق بھارتی کپتان وراٹ کوہلی کی اسکواڈ میں واپسی ایسے موقع پر ہوئی ہے جب انہیں حالیہ مایوس کن کارکردگی پر شدید تنقید کا سامنا تھا۔ کئی کرکٹ مبصرین برملا اس بات کا اظہار کر رہے تھے کہ انہیں ایشیا کپ کے اسکواڈ کے لیے منتخب نہیں کرنا چاہیے۔
کوہلی گزشتہ برس ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد سے اب تک صرف چار ٹی ٹوئنٹی میچز میں ہی ٹیم کی نمائندگی کر پائے ہیں جن میں ان کی کارکردگی متاثر کن نہیں رہی جب کہ کے ایل راہل بھی آئی پی ایل کے بعد سے آؤٹ آف فارم ہیں۔
دونوں کھلاڑیوں کے لیے یہ سنہری موقع ہے کہ وہ ایشیا کپ میں اپنی پرفارمنس سے سلیکٹرز کو متاثر کر کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے بھی ٹیم میں اپنی جگہ پکی کر لیں۔
واضح رہے کہ کے ایل راہل کو ہرنیا کے آپریشن کے بعد صحت یاب ہونے پر حال ہی میں دورۂ ویسٹ انڈیز کے لیے منتخب کیا گیا تھا تاہم وہ کرونا وائرس کا شکار ہونے کی وجہ سے یہ دورہ نہیں کر سکے تھے۔
کپتان روہت شرما کا اسپنرز پر انحصار
بھارتی ٹیم کے اہم فاسٹ بالر جیسپرت بمبرا انجری کی وجہ سے ایشیا کپ کے دوران ایکشن میں دکھائی نہیں دیں گے۔ ان کی غیر موجودگی میں بھونیشور کمار ہی واحد بالر ہیں جن پر کپتان روہت شرما کا تمام تر انحصار ہو گا۔
فاسٹ بالنگ اٹیک کے لیے بھارتی سلیکٹرز نے نوجوان بالرز ارشدیپ سنگھ اور اویس خان کو اسکواڈ میں شامل کیا ہے جو بھونیشور کمار کو سہارا دیں گے۔
متحدہ عرب امارات کی پچز پر بھارتی اسپنر روی چندرن ایشون مرکزِ نگاہ ہوں گے جب کہ اسپن بیٹری میں بھارت کے پاس یوزویندر چاہل، روندرا جدیجا اور روی بشنوئی شامل ہیں۔
بھارتی ٹیم ایونٹ کا اپنا افتتاحی میچ روایتی حریف پاکستان کے خلاف کھیلے گی۔ آخری مرتبہ دونوں ٹیمیں گزشتہ برس ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے گروپ میچ میں آمنے سامنے آئی تھیں جس میں پاکستان نے بھارت کو 10 وکٹوں سے شکست دی تھی۔