|
ویب ڈیسک — ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے ایک میچ میں بھارت نے پاکستان کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے دی۔
چین میں جاری چیمپئنز ٹرافی میں ہفتے کو دونوں ٹیمیں مدِ مقابل آئیں اور بھارت نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو نہ صرف شکست دی بلکہ ریجنل مقابلوں میں روایتی حریف کے خلاف 17ویں کامیابی حاصل کی۔
میچ کا آغاز ہوا تو پہلے ہی کوارٹر میں پاکستان کی جانب سے واحد گول احمد ندیم نے اسکور کیا جس کے بعد بھارتی کپتان ہرمن پریت سنگھ نے پہلے اور دوسرے کوارٹر میں بالترتیب ایک ایک گول کیا۔
پہلے دو کوارٹرز میں برتری ملنے کے بعد دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر حملے کرتے رہیں لیکن کسی ٹیم کو گول کرنے کا موقع نہ ملا۔
میچ کے چوتھے کوارٹر کے اختتام پر بھارت کو پاکستان پر ایک گول کی برتری حاصل تھی اور اس طرح پاکستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
تاہم یہ شکست چیمپئنز ٹرافی کے اگلے مرحلے پر اثر انداز نہیں ہو گی کیوں کہ دونوں ہی ٹیمیں پہلے ہی سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکی ہیں۔
بھارتی ٹیم اب تک ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہتے ہوئے ٹاپ پر ہے جب کہ پاکستان ٹیم دوسرے نمبر پر ہے۔
واضح رہے کہ بھارت چار مرتبہ اور پاکستان تین مرتبہ ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی جیت چکا ہے۔
چین میں جاری ایونٹ میں چھ ٹیمیں شامل ہیں جن میں پاکستان اور بھارت کے علاوہ چین، جاپان، ملائیشیا اور جنوبی کوریا شامل ہیں۔