اتوارکو چنائے میں کھیلےگئےعالمی کپ کے گروپ بی کے ایک اہم میچ میں بھارت نےویسٹ انڈیز کو80 رنز سے شکست دےدی اور اِس طرح بھارت اب کوارٹرفائنل میں دفاعی چمپین آسٹریلیا سے مقابلہ کرےگا۔
ویسٹ انڈیز کی ٹیم نےدس کھلاڑیوں کے نقصان پر 188رنز اسکور کیےاور 43 اووروں میں ڈھیر ہوگئی۔
بھارت کے یوراج سنگھ کو ’مین آف دِی میچ‘ قرار دیا گیا۔
اِس سے قبل بھارت کی تمام ٹیم 50 ویں اوور کی پہلی گیند پر268 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
بھارتی مڈل آرڈر بلے بازیوراج سنگھ نے شاندارسنچری اسکور کی۔ یہ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں اُن کی 13 ویں سنچری ہے۔ اُنھوں نے 123 گیندوں پر 113 رنز بنائے۔ اُن کے علاوہ ویرات کوہلی نے بھی اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا اور وہ 59 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
بھارت نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، لیکن ویسٹ انڈ ین فاسٹ باؤلر روی رام پال نے میچ کے پہلے ہی اوور میں اسٹار بلے باز سچن ٹنڈولکر کو ایک عُمدہ گیند پر وکٹ کیپر تھامس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کر دیا۔ اُس وقت ٹنڈولکر کا انفرادی اسکور دو اور بھارتی ٹیم کا مجموعی سکور 8 تھا۔
ویسٹ انڈین فاسٹ باؤلر رام پال نے ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دس اوورز میں51 رنز دے کر بھارت کے پانچ کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا۔
زخمی گھٹنے کے باعث بھارت کے افتتاحی بلے باز ویریندر سہواگ کی جگہ سریش رائنا کو کھلایا گیا.
ویسٹ انڈیز کی طرف سے بھی اَن فٹ ہونے کی وجہ سے اُن کے مایہ ناز بلے باز کرس گیل اور فاسٹ باؤلر کیمر روچ یہ میچ نہیں کھیل سکے۔
دونوں ٹیمیں پہلے ہی کوارٹر فائنل میں پہنچ چکی ہیں۔ کیونکہ بھارت نے یہ میچ جیت لیا ہےاِس لیےسیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے اب اُس کا مقابلہ گروپ اے میں تیسرے نمبر پر آنے والے دفاعی چیمپئن آسٹریلیا سے ہوگا۔
عالمی کپ مقابلوں میں 1999ء سے مسلسل34 میچوں میں ناقابل تسخیر آسٹریلوی ٹیم کو ہفتہ کو کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ایک دلچسپ مقابلے کے بعد چار وِکٹوں سے شکست دے کر گروپ اے میں اول پوزیشن حاصل کرلی ہے۔
جنوبی افریقہ گروپ بی میں سرفہرست ہے اور کواٹرفائنل میں اُس کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے ہوگا جو گروپ اے میں چوتھے نمبر پر ہے۔
بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان یہ میچ چدم برم اسٹیڈیم میں موجود بھارتی شائقین کرکٹ کی خصوصی توجہ کا مرکز بنا ہوا تھا کیونکہ اُنھیں توقع تھی کےاسٹار بھارتی بلے باز سچن ٹنڈولکر بین الاقوامی میچوں میں ایک اورسنچری مکمل کر لیں گے۔
لیکن میچ کے پہلے ہی اوور میں یہ مایہ ناز بھارتی بلے باز آؤٹ ہوکر پویلین واپس چلے گئے۔ ٹنڈولکر اب تک ٹیسٹ اور ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچوں میں بھارت کی طرف سے مجموعی طور پر 99 سنچریاں بنا چکے ہیں۔