انڈونیشیا کے شمال مغربی ساحلی علاقے میں 8 اعشاریہ 6 کی قوت کے طاقت ور زلزلے کے بعدجاری کیا جانے والا سونامی کے انتباہ واپس لے لیا گیاہے۔
بدھ کے روز انڈونیشیا کے سب سے بڑے صوبے آچہ کے سب سے بڑے شہر اور صدر مقام باندہ آچے سے 430 کلومیٹر کے فاصلے پر جنوب مغربی ساحلی علاقے میں شدید زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
امریکہ کے جیالوجیکل سروے نے زلزلے کے ابتدائی جھٹکوں کے بعد کہاہے کہ زلزلے کا مرکز 22 کلومیٹر گہرائی میں تھا۔
بڑے زلزلے کے بعد 8 اعشارہ 2 شدت کے ایک آفٹر شاک کی بھی اطلاع ملی ہے۔
امریکہ اور بحر الکاہل میں سونامی سے خبردار کرنے کے مرکز نے ابتدائی طورپر متاثرے علاقوں میں سمندری طوفان سے چوکس رہنے کی ہدایت جاری تھی ۔ لیکن اب کہا گیا ہے کہ سمندر کی سطح کے اعدادوشمار یہ ظاہر کررہے ہیں کہ سونامی کا خدشہ ختم ہوگیا ہے۔
انڈونیشیا کے ساحل کے قریب آنے والے اس زلزلے بعد بحر ہند کے ساحلی علاقوں میں سونامی یا زلزلے کے بعد بلند سمندری لہریں اٹھنے کی وارننگ جاری کی گئی تھی۔
بھارت کے کئی علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے بعد ملک کے ساحلی علاقوں میں ممکنہ سونامی سے متعلق انتباہ جاری کر دیا گیا۔
2004ء میں انڈونیشیا کے سماٹرا جریزے میں 9.1 شدت کے زلزلے کے بعد بحرہند میں آنے والے سونامی سے دو لاکھ 30 ہزار افراد ہلاک ہو گئے تھے جن میں سے نصف کا تعلق صوبہ آچے سے تھا۔