کراچی میں منگل سے ایک مرتبہ پھر امن و امان کی صورتحال خراب ہوگئی ہے اور ٹارگٹ کلنگ میں 7 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سب سے زیادہ نقصان اورنگی ٹاوٴن میں ہوا جہاں حالات پر قابو پانے کے لئے کمانڈوز تعینات کردیئے گئے۔
سی سی پی او کراچی سعود مرزا نے اورنگی ٹاوٴن میں کمانڈو زتعینات کئے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وزارت داخلہ نے شہر میں ڈبل سواری پر پابندی کی سفارش منظور کرلی گئی ہے جس کے بعد منگل کی رات بارہ بجے سے تاحکم ثانی موٹر سائیکل پر ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق اورنگی ٹاوٴن میں قصبہ موڑ پر دو گروپوں کے درمیان شدید فائرنگ کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ قصبہ کالونی میں ہی نامعلوم مشتعل افراد کی جانب سے ایک بس کو آگ لگا دی گئی۔
حسن اسکوائر کے علاقے عیسیٰ نگری میں دو طلبہ تنظیموں کے درمیان تصادم ہوا جس کے دوران دونوں جانب سے شدید فائرنگ کی گئی۔ فائرنگ کی زد میں آکر ایک خاتون سمیت دو افراد زخمی ہو گئے جبکہ علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
سی سی پی او کراچی کا کہنا ہے کہ اورنگی ٹاوٴن میں حالات پر کنٹرول کیلئے پولیس کی اضافی نفری اور کمانڈ وزکی خدمات حاصل کرلی گئی ہیں جبکہ عوام کے جانوں مال کے تحفظ کیلئے سرچ آپریشن بھی متوقع ہے ۔پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لئے کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔