اقوام متحدہ نے لیبیا میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے کیوں کہ حالیہ دنوں کے دوران ملک کے مغربی حصوں میں معمر قذافی کے حامی فوجیوں اورلیبیائی باغیوں کے درمیان ہونے والی شدید لڑائی میں درجنوں افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون اور عالمی تنظیم کی انسانی ہمددری کی اعلیٰ سفارت کار ویلری آموس نے لڑائی کے بڑھتے ہوئے دائرہ کار اور اس میں شہری ہلاکتوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
لیبیا کے رہنما معمرقذافی کی حامی فورسز کی گولہ باری اور ماہر نشانہ باز فوجیوں کی فائرنگ سے مغربی شہر مصراتہ میں اتوار کو 17 افراد ہلاک ہو گئے تھے جب کہ مشرقی شہر اجدابیا میں توپ خانے کی مدد سے کی جانے والی کارروائیوں کے باعث باغی اور شہری علاقہ چھوڑ کر جا رہے ہیں۔
مصراتہ میں ایک عارضی طبی کیمپ پر قذافی فورسزکے حملے میں 47 افراد زخمی ہو گئے تھے۔ گذشتہ سات ہفتے سے لیبیا کے رہنما کی حامی فورسز نے اس علاقے کا محاصرہ کر رکھا ہے۔