|
دنیا کے کئی ممالک ان دنوں شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔ گرمی سے بچنے کے لیے جہاں ماہرین لوگوں کو خود کو ہائیڈریٹ رکھنے کے مشورے دے رہے ہیں۔ وہیں اس موسم میں جلد کا خیال رکھان بھی انتہائی ضروری ہے۔
دھوپ سے ہمیں وٹامن ڈی ملتا ہے جو ہڈیوں میں کیلشیئم جذب کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ لیکن اگر اسی دھوپ میں بغیر سن اسکرین یا سن بلاک کے جایا جائے تو سورج کی الٹرا وائلٹ شعاعیں اسکن کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہیں۔
امریکی یونیورسٹی جان ہاپکنز اسکول آف میڈیسن کی ویب سائٹ پر شائع ہونے والے ایک مضمون کے مطابق سورج سے نکلنے والی الٹرا وائلٹ شعاعیں جلد کو جلانے کے ساتھ ساتھ کینسر اور وقت سے پہلے جھریوں کا باعث بھی بن سکتی ہیں۔
جلد کو الٹرا وائلٹ شعاعوں سے بچانے کا حل یہی ہے کہ آپ سن اسکرین کو اپنی روٹین میں شامل کرلیں۔
سن بلاک جلد کو جلنے اور الٹرا وائلٹ شعاعوں سے کسی حد تک محفوظ رکھنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ لیکن یہ بات یاد رکھیں کہ کوئی بھی سن بلاک جلد کو 100 فی صد تک الٹرا وائلٹ شعاعوں سے محفوظ رکھنے میں معاون نہیں ہے۔
جان ہاپکنز میڈیسن کے مطابق روزانہ استعمال کے لیے کم از کم 30 سن پروٹیکشن فیکٹر ( ایس پی ایف) کا سن بلاک استعمال کریں۔
SEE ALSO: درازی عمر کا راز، پانی کا زیادہ استعماللیکن اگر کوئی براہِ راست سورج کی روشنی میں رہتا ہے یا جس کا آؤٹ ڈور یعنی باہر زیادہ وقت گزرتا ہے تو اسے 60 ایس پی ایف تک کا سن بلاک استعمال کرنا چاہیے۔
کیا سن بلاک کو بار بار لگانے کی ضرورت پڑسکتی ہے؟
جان ہاپکنز میڈیسن کے مطابق دھوپ میں نکلنے پر عام طور پر سن بلاک کو ہر دو گھنٹے بعد لگانا چاہیے۔ خاص طور پر اگر کوئی سؤئمنگ کرتا ہو یا زیادہ اسے پسینہ آتا ہو۔
البتہ ان ڈور یعنی دھوپ میں براہِ راست نہ جانے والوں کو سن بلاک بار بار لگانے کی ضرورت نہیں ہے۔ اگر وہ کام کے دوران کہیں باہر نکلیں تو انہیں اس وقت سن بلاک لگانے کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔
دھوپ سے بچنے کے لیے سن بلاک کے استعمال کے ساتھ ساتھ ماہرین سن گلاسز، کیپ اور ایسے کپڑے پہننے کا مشورہ دیتے ہیں جو جسم کو پوری طرح سے ڈھانپ کر رکھیں۔
صبح 10 بجے سے دوپہر چار بجے تک دھوپ کی شعاعیں سب سے زیادہ ہوتیں ہیں۔
کوشش کریں کی اگر آپ ان اوقات میں باہر نکل رہے ہیں تو کسی سائے دار جگہ پر کھڑے ہوں۔
کیا بچوں کو بھی سن بلاک لگانی چاہیے؟
امریکہ کی فوڈ اور ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کے مطابق چھ ماہ سے کم عمر بچوں کو سن اسکرین لگانے کی تجویز نہیں کی جاتی۔
ایف ڈے اے کے مطابق چھ ماہ سے زائد عمر کے بچوں کو سن اسکرین استعمال کرنے کی تجویز دی جا سکتی ہے۔ لیکن اس کے لیے بھی ماہرین کا مشورہ ضروری ہے کیوں کہ بچوں کو سن بلاک کے منفی اثرات کا زیادہ خطرہ ہوتا ہے۔