امریکی سینیٹ: وزیرِ دفاع کے لیے پیٹ ہیگسیتھ کی نامزدگی کی توثیق

فائل فوٹو

  • وزیرِ دفاع کے لیے پیٹ ہیگسیتھ کی نامزدگی کی سینیٹ سے توثیق کے لیے ووٹنگ ہوئی تو 50 ارکان نے ان کی حمایت جب کہ 50 نے مخالفت میں ووٹ دیا۔
  • نامزد وزیرِ دفاع کی توثیق کے لیے ووٹنگ برابر ہونے پر نائب صدر جے ڈی وینس نے بطور کاسٹنگ ووٹ اپنے فیصلہ کن ووٹ کا استعمال کیا۔
  • سینیٹ ارکان کے ووٹ ٹائی ہونے کی صورت میں نائب صدر فیصلہ کن ووٹ کے طور پر اپنے ووٹ کا استعمال کرتے ہیں۔
  • امریکی تاریخ میں دوسری مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ نائب صدر نے کسی کی نامزدگی پر فیصلہ کن ووٹ دیا ہے۔

ویب ڈیسک امریکی سینیٹ نے وزیرِ دفاع کے لیے پیٹ ہیگسیتھ کی نامزدگی کی توثیق کر دی ہے۔

جمعے کی شب 100 رکنی سینیٹ میں پیٹ ہیگسیتھ کی توثیق کے لیے ووٹنگ ہوئی تو 50 ارکان نے ان کی حمایت جب کہ 50 نے مخالفت میں ووٹ دیا۔

نامزد وزیرِ دفاع کی توثیق کے لیے ووٹ برابر ہونے پر نائب صدر جے ڈی وینس نے بطور کاسٹنگ ووٹ اپنے فیصلہ کن ووٹ کا استعمال کیا۔

واضح رہے کہ امریکی نظامِ حکومت میں نائب صدر سینیٹ کے صدر ہوتے ہیں اور سینیٹ ارکان کے ووٹ ٹائی ہونے کی صورت میں نائب صدر فیصلہ کن ووٹ کا استعمال کرتے ہیں۔

امریکی تاریخ میں دوسری مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ نائب صدر نے کسی کی نامزدگی پر فیصلہ کن ووٹ دیا ہے۔

جے ڈی وینس کے ووٹ کے بعد سینیٹ نے 50 کے مقابلے میں 51 ووٹ سے وزیرِ دفاع کے لیے پیٹ ہیگسیتھ کی توثیق کر دی۔

ہیگسیتھ امریکی نشریاتی ادارے 'فوکس نیوز' کے ساتھ بطور ٹی وی میزبان کام کر چکے ہیں۔ وہ کئی کتابوں کے مصنف ہیں جب کہ وہ عراق، افغانستان اور گوانتاناموبے میں آرمی نیشنل گارڈ میں بطور افسر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔

رواں ماہ کے آغاز میں کنفرمیشن ہیئرنگ کے دوران پیٹ ہیگسیتھ نے قانون دانوں کو بتایا تھا کہ وہ فوج میں احتساب کا عمل واپس لائیں گے۔

سینیٹ نے چار روز قبل ہی مارکو روبیو کی بطور وزیرِ خارجہ نامزدگی کی منظوری دی تھی۔ روبیو ٹرمپ کابینہ کے پہلے رکن تھے جن کی سینیٹ سے توثیق ہوئی اور 99 اراکین نے ان کی حمایت میں ووٹ دیا۔

جان ریٹکلف سینیٹ سے منظوری حاصل کرنے والے ٹرمپ کابینہ کے دوسرے رکن تھے۔ سی آئی اے کے سربراہ کے لیے نامزد ریٹکلف کی توثیق کے لیے جمعرات کو سینیٹ کے 74 ارکان نے ان کی حمایت جب کہ 25 نے مخالفت میں ووٹ دیا تھا۔

علاوہ ازیں کرسٹی نوم نے ہوم لینڈ سیکیورٹی کی سیکریٹری کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا ہے۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق کرسٹی نوم صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ’میک امریکہ سیف اگین‘ کے مشن کی تکمیل کے لیے پر عزم ہیں۔

وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ کرسٹی نوم سرحدوں اور شہریوں کے تحفظ کے ساتھ ساتھ قانون کی عمل داری کے ٹرمپ کے مشن کی تکمیل کے لیے پر عزم ہیں۔