امریکی سینیٹ کی کمیٹی برائے خارجہ تعلقات نے ڈیموکریٹک اور ری پبلکن دونو ں جماعتوں کی حمایت یافتہ ایک قرارداد میں روس سے دو امریکی قیدیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
ستائیس سینیٹرز کے تعاون سے لائی گئی اس قرارداد میں وال اسٹریٹ جرنل کے 32 سالہ رپورٹر ایون گرشکووچ اور ریاست مشی گن کے ایک کارپوریٹ سیکیورٹی ایگزیکٹو پال وہیلن کی رہائی کا مطالبہ شامل ہے۔
صحافی گرشکووچ کو 29 مارچ کو جاسوسی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا جنہیں 20 سال تک قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ماسکو کی ایک عدالت نے منگل کو گیرشکووچ کی قبل از سماعت نظربندی کی تازہ ترین اپیل کو بھی مسترد کر دیا تھا۔
دوسرے امریکی شہری پال وہیلن دسمبر 2018 سے روس میں جاسوسی کے الزام میں قید ہیں۔ ان کے خاندان اور امریکی حکومت نے وہیلن پر لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔
وہیلن کو 2020 میں مجرم قرار دیا گیا تھا اور اسے 16 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔
SEE ALSO: بلنکن کا امریکی صحافی کی رہائی کے لیے روسی وزیر خارجہ کو ٹیلی فونواشنگٹن میں جمعے کو کمیٹی برائے خارجہ تعلقات کے ڈیموکریٹک چیئرمین سینیٹر بین کارڈن نے امریکی صحافی کے حوالے سے کہا کہ "ایون گرشکووچ کو محض اپنا کام کرنے کی پاداش میں روس میں غلط طریقے سے حراست میں لیا گیا ہے۔ وہ حقائق کی رپورٹنگ اور صدر پوٹن کی یوکرین کے خلاف غیر قانونی جنگ کے جھوٹے جواز پر روشنی ڈال رہے تھے۔"
پینل کے سرکردہ ری پبلکن سینیٹر جم رِش نے کہا، "دنیا بھر میں حکومتوں کو جواب دہ بنانے کے لیے پریس کی آزادی بہت اہم ہے۔"
محکمۂ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے ستمبر کے وسط میں ایک پریس بریفنگ کے دوران پال وہیلن کے حوالے سے کہا تھا، "ہمیں یقین ہے کہ پال اپنی غلط نظر بندی کے باوجود زبردست جرات کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ سفیر(لین)ٹریسی نے ان کے سامنے اس بات کا اعادہ کیا کہ صدر بائیڈن اور وزیرِ خارجہ اینٹنی بلنکن انہیں وطن لانے کے لیے پرعزم ہیں۔"
SEE ALSO: امریکی شہریوں کی بلا جواز حراست: بائیڈن نے ایرانی اور روسی سکیوریٹی ایجنسیوں پر پابندیاں لگا دیںوائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کرائن جین پیئر نے جمعہ کو ایک نیوز بریفنگ کے دوران امریکی شہریوں کے خلاف روس کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا اور ماسکو سے مطالبہ کیا کہ "ایون کو فوری طور پر رہا کیا جائے اور غلط طریقے سے حراست میں لیے گئے امریکی شہری پال وہیلن کو بھی رہا کیا جائے۔"
انہوں نے مزید کہا کہ جب تک امریکی شہری گھر نہیں پہنچ جاتے ہم( اپنی کوششوں میں) نہیں رکیں گے۔
انہوں نے کہا ، "یہ واضح ہے کہ ایون کو فائدہ اٹھانے کے لیے رکھا گیا ہے کیوں کہ وہ ایک امریکی ہے۔
روس کا الزام ہے کہ امریکی رپورٹر یکاترنبرگ میں جاسوسی کرتے ہوئے 'رنگے ہاتھ' پکڑا گیا تھا۔تاہم ماسکو نے اس دعوے کی تائید کے لیے کوئی تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
امریکہ نے روس پر الزام لگایا ہے کہ وہ یرغمالی کی سفارت کاری کے لیے گیرشکووچ کا استعمال کر رہا ہے۔
ماسکو یہ سب ایسے وقت میں کر رہا ہے جب روس کے یوکرین پر حملے کی وجہ سے دونوں ملکوں کے تعلقات 60 سال سے زیادہ عرصے میں اپنے بدترین موڑ پر پہنچ چکے ہیں۔
اس خبر میں شامل معلومات خبر رساں اداروں اے پی، اے ایف پی اور رائٹرز سے لی گئی ہیں۔