آسٹریلوی ٹیسٹ کرکٹر عثمان خواجہ کو بالآخر بھارتی ویزہ مل گیا

فائل فوٹو

پاکستان میں پیدا ہونے والے آسٹریلوی بلے باز عثمان خواجہ کو بھارتی سفارت خانے نے آخرکار ویزہ جاری کر دیا ہے۔

اس سے قبل عثمان خواجہ نے سوشل میڈیا پوسٹ میں بتایا تھا کہ آسٹریلوی ٹیم بھارت روانہ ہو گئی ہے، لیکن وہ ویزہ جاری ہونے کے منتظر ہیں۔

پاکستانی نژاد عثمان خواجہ اسلام آباد میں پیدا ہوئے تھے لیکن اب وہ آسٹریلوی شہری ہیں۔ اب تک یہ واضح نہیں ہے کہ ان کا کسی سطح پر پاکستان سے تعلق آیا بھارتی ویزہ جاری ہونے میں تاخیر کا باعث بنا تھا یا کوئی اور وجہ تھی۔

عثمان خواجہ نے بدھ کو انسٹاگرام پر ایک تنہا شخص کی تصویر انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے اس پر تبصرہ کیا کہ میں اپنے بھارتی ویزہ جاری ہونے کا انتظار کر رہا ہوں۔

عثمان خواجہ کی اس پوسٹ کے بعد آسٹریلیا میں بھارت ہائی کمشنر من پریت وہرا نے ٹوئٹ کی کہ وہ یہ بتانا چاہتے ہیں کہ عثمان خواجہ کو ویزہ جاری کر دیا گیا ہے جو میلبرن میں ہمارے قونصل خانے سے وصول بھی کر لیا گیا ہے۔

عثمان خواجہ اس سے قبل کئی مرتبہ بھارت کا دورہ کر چکے ہیں جن میں 2013 اور 2017 میں بھارتی سرزمین پر کھیلی جانے والی ٹیسٹ سیریز شامل ہیں۔

عثمان خواجہ آسٹریلوی ٹیسٹ ٹیم کے ٹاپ آرڈر کے اہم کھلاڑی ہیں۔ گزشتہ برس انہوں نے پانچ سینچریوں کی بدولت 79 اعشاریہ چھ آٹھ کی اوسط سے 1275 رنز بنائے تھے۔

اپنی کارکردگی کی بدولت عثمان خواجہ ٹیسٹ ٹیم کا مستقل حصہ ہیں اور وہ بھارت کے خلاف سیریز میں بھی ٹاپ آرڈر بلے باز ہیں۔

یاد رہے کہ بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان چار میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے ٹیسٹ کا آغاز نو فروری سے ہو گا۔