یمن میں حوثی گروپ کی ایک جیل پر سعودی عرب کی قیاد ت میں اتحادی فورسز کی ایک فضائی کارروائی میں جمعے کے روز سو سے زائد قیدی ہلاک و زخمی ہو گئے۔
خبر رساں ادارے ایسو سی ایٹڈ پریس نے انسانی جانوں کو بچانے والے عملے کے حوالے سے خبر دی ہے کہ یمن کے شمالی شہر صعدہ میں ہونے والی اس کارروائی کے بعد ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ ہلاک و زخمی ہونے والے افراد کی اصل تعداد کیا ہے۔
یمن میں انٹرنیشل کمیٹی آف ریڈ کراس کے ترجمان بشیر قمر کے مطابق کارروائی کے نتیجے میں اموات میں اضافہ بھی ہو سکتاہے۔ انہوں نے کہا کہ ریڈ کراس کمیٹی کے عملے نے زخمیوں کو طبی امداد کے لیے مختلف جگہوں پر پہنچا دیا ہے۔
Your browser doesn’t support HTML5
البتہ سیو دی چلڈرن نامی عالمی تنظیم کے مطابق صعدہ شہر میں جیل کے مقام پر کارروائی میں ہلاکتوں کی تعداد 60 بتائی جاتی ہے۔
صعدہ شہر میں کارروائی کے علاوہ اتحادی فورسز نے بندر گاہ کے شہر حدیدہ میں ایک ٹیلی کمیونیکیشن سنٹر کو بھی ایک کارروائی کا نشانہ بنایا، جبکہ دارالحکومت صنعا کے قریب بھی ایک اور کارروائی کی گئی۔حدیدہ شہر میں نشانہ بنایا گیا کمیونیکیشن سنٹر یمن کی انٹرنیٹ تک رسائی ممکن بناتاہے۔
خیال رہے کہ صنعا پر سن 2014 سے ایران کے حمایت یافتہ حوثی جنگجو گروپ کا قبضہ ہے۔
سعودی عرب کی قیادت میں اتحادی فورسز کی یمن میں کی جانے والی یہ کارروائی حوثیوں کی جانب سے کچھ روزقبل متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت کی شہری تنصیبات پر ڈرون اور میزائل حملے کےبعد ہورہی ہے۔ لیکن سعودی عرب کی قیادت میں لڑائی میں شامل اتحادی فورسز نے ابھی تک سعدہ میں کی گئی کارروائی کو تسلیم نہیں کیا۔