رسائی کے لنکس

گوادر میں بانیٔ پاکستان کا مجسمہ دھماکہ خیز مواد سے تباہ کر دیا گیا


پاکستان کے صوبۂ بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں نصب بانیٔ پاکستان محمد علی جناح کے مجسمہ کو دھماکہ خیز مواد سے اُڑا دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق گوادر میں ساحلی پٹی کے قریب معروف شاہراہ میرین ڈرائیو کے قریب نصب بانیٔ پاکستان کے مجسمہ کو نامعلوم افراد نے ریموٹ کنٹرول بم سے اڑایا۔

کالعدم بلوچ علیحدگی پسند تنظیم بلوچستان ریپبلکن آرمی (بی آر اے) نے مجسمہ تباہ کرنے کی ذمے داری قبول کر لی ہے۔

ٹوئٹر پر تنظیم کے ترجمان بیبگر بلوچ نے بتایا کہ تنظیم کے جانبازوں نے مجسمہ گرایا کیوں کہ محمد علی جناح کے نظریے کی بلوچستان میں کوئی جگہ نہیں ہے۔

گوادر پولیس کے ایک افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر وائس آف امریکہ کو بتایا کہ گوادر میں انتہائی حساس علاقے میرین ڈرائیو پر اہم سرکاری دفاتر کے سامنے نصب بانیٔ پاکستان کے مجسمہ کو نامعلوم افراد نے اتوار کی صبح تقریباً نو بجے دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا۔

پولیس نے بتایا کہ واقعے کے بعد پولیس ایف سی اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور تحقیقات کا آغاز کردیا تاہم اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جا سکی۔

یاد رہے کہ گوادر میں میرین ڈرائیو پر بانی پاکستان کا مجسمہ رواں برس جون میں نصب کیا گیا تھا جہاں آ کر سیاح تصاویر بنواتے رہے ہیں۔

اس سے قبل 2013 میں بلوچ عسکریت پسند گروپوں کی جانب سے بلوچستان کے سیاحتی مقام زیارت میں محمد علی جناح کی قیام گاہ 'زیارت ریزیڈنسی' پر طلوع آفتاب سے قبل دستی بم حملہ کیا گیا تھا جس سے عمارت میں آگ لگ گئی تھی اور بانیٔ پاکستان کے زیرِ استعمال اشیا کو بری طرح نقصان پہنچا تھا۔

تاہم بعد میں پاکستان کی حکومت نے زیارت ریزیڈنسی کی عمارت کی ازسرنو تعمیر کا کام مکمل کر کے اسے سیاحوں کے لیے دوبارہ کھول دیا تھا۔

XS
SM
MD
LG