رسائی کے لنکس

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: فخر زمان کی 15 رکنی اسکواڈ میں واپسی, عثمان قادر آؤٹ


پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے آغاز سے ایک روز قبل ہی اپنے 15 رکنی اسکواڈ میں تبدیلی کرلی ہے۔ جارح مزاج بیٹر فخر زمان کو حتمی اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔

فخر زمان گزشتہ ماہ ایشیا کپ فائنل میں فیلڈنگ کے دوران گھٹنے کی انجری کا شکار ہوگئے تھے جس کے بعد انہیں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ٹریول ریزرو کے طور پر اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا آغاز 16 اکتوبر سے آسٹریلیا میں ہو رہا ہے۔ تاہم ایونٹ کے اہم مرحلے یعنی سپر 12 کے میچز 22 اکتوبر سے شروع ہوں گے۔ پاکستان ٹیم اپنا پہلا میچ روایتی حریف بھارت کے خلاف 23 اکتوبر کو میلبرن میں کھیلے گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جمعہ کو جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق لیگ اسپنر عثمان قادر کی جگہ فخر زمان کو 15 رکنی اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔ تاہم عثمان قادر بطور ٹریولنگ ریزرو اسکواڈ کے ہمراہ رہیں گے۔

واضح رہے کہ عثمان قادر 25 ستمبر کو کراچی میں انگلینڈ کے خلاف کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی میچ میں انجری کا شکار ہوگئے تھے۔ پی سی بی کے مطابق وہ 22 اکتوبر تک سلیکشن کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔

دوسری جانب پاکستانی فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی بھی مکمل طور پر فٹ ہوگئے ہیں اور وہ ہفتے سے پاکستان ٹیم کو جوائن کرلیں گے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کی قیادت بابر اعظم کریں گے جب کہ نائب کپتان کے فرائض شاداب خان نبھائیں گے۔ ان کے علاوہ محمد رضوان، فخر زمان، آصف علی، شان مسعود، حیدر علی، افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمد نواز، محمد حسنین، حارث رؤف، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی 15 رکنی اسکواڈ کا حصہ ہوں گے۔

ان کے علاوہ محمد حارث، شاہ نواز دھانی اور عثمان قادر ٹیم کے ساتھ بطور ٹریول ریزرو ہوں گے۔

XS
SM
MD
LG