امریکی وکلاء استغاثہ نے بدھ کے روز پانچ روسی باشندوں پر تعزیرات کی خلاف ورزی اور دوسرے جرائم کے لئے فرد جرم عاید کردی ہے۔ ان پر الزام ہے کہ وہ امریکی مینو فیکچررز سے روسی خریداروں کے لئے خریدی گئی فوجی ٹیکنالوجی روس لے گئے۔ جس میں سے کچھ کا یوکرین کے میدان جنگ میں بھی استعمال کیا گیا۔
بروکلین میں وفاقی وکلاء سرکار نے بتایا کہ جو الیکٹرانک آلات روسی باشندوں یوری اوری خوف اور سیوٹلانا خزرگاشیو نے خریدے ان میں سیمی کنڈکٹرز، راڈارز اور سیٹیلائٹز شامل ہیں۔ اور ان میں سے کچھ آلات جو اسکیم کے ذریعے حاصل کئے گئے، روسی ہتھیاروں کے ان ذخیروں پر پائے گئے جنہیں یوکرین میں پکڑا گیا تھا۔
وکلاء سرکار نے مزید کہا کہ انہوں نے فوجی ٹیکنالوجی بھیجنے کے لئے ایک جرمن کمپنی کی خدمات حاسل کیں اور وینیزی ویلا کا تیل استعمال کیا۔
اوریخوف کو پیر کے روز جرمنی میں گرفتار کیا گیا۔ ایک اور روسی جس پر اس معاملے میں فرد جرم عاید کی گئی ہے آرٹم اوس ہے، اسے اٹلی میں گرفتار کیا گیا۔ اور وکلاء کا کہنا ہے کہ امریکہ اسے یہاں منتقل کرانے کے لئے کوشاں ہے۔خبر رساں ادارے رائیٹر کا کہنا ہے کہ وہ فوری طور پر انکے موقف کے لئے مدعا علیہان تک رسائی حاصل نہ کر سکا۔
ادھر امریکی محکمہ خزانہ نے بدھ کے روز اوریخوف اور ان دو کمپنیوں پر تعزیرات عاید کر دیں جنہیں وہ کنٹرول کرتا ہے۔
امریکی محکمہ خزانہ نے بتایا کہ امریکی ٹیکنالوجیز ، فائیٹر ایر کرافٹ، بلیسٹک اور ہائپر سونک میزائیل نظام ,اسمارٹ گولہ بارود اور دوسرے فوجی سازو سامان میں استعمال کی جا سکتی ہیں۔
یہ فرد جرم اور تعزیرات ایسے وقت عاید کی گئی ہیں جب کہ واشنگٹن روس پر تعزیرات کو وسعت دینے کا خواہاں ہے، اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں کر رہا ہے، تاکہ کریملن پر دباؤ ڈالا جاسکے کہ وہ یوکرین کی جنگ بند کردے۔
بتیس ملکوں اور امریکہ کی اپنی نوعیت کی ایک منفرد میٹنگ میں واشنگٹن نے خبردار کیا کہ وہ ان لوگوں، ملکوں اور کمپنیوں پر تعزیرات عاید کر سکتا ہے جو روس کو گولہ بارود فراہم کریں یا روسی ملٹری انڈسٹریل کمپلیکس کی مدد کریں گی۔
اوریخوف اور اوس نے اپنی کمپنی کو وینزی ویلا سے لاکھوں بیرل تیل بھی روس اور چین میں خریداروں کو بھیجنے کے لئے استعمال کیا۔ وہ وینزی ویلا کی سرکاری تیل کمپنی سے سودوں کے لئے دو دوسرے مدعا علیہان ہوان فرنینڈو سیرانو اور ہوان کارلوس سوٹو کے ساتھ مل کر کام کر رہے تھے۔ اس کمپنی پر امریکہ نے دو ہزار انیس سے تعزیرات لگائی ہوئی ہیں۔
(اس خبر کے لئے مواد خبر رساں ادارے رائیٹر سے بھی لیا گیا ہے)