رسائی کے لنکس

نیوزی لینڈ کے خلاف سیمی فائنل، بھارتی کرکٹ بورڈ پر پچ تبدیل کرنے کا الزام


بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان کرکٹ ورلڈ کپ کا پہلا سیمی فائنل بدھ کو ہو رہا ہے۔ لیکن میچ سے قبل بھارتی کرکٹ بورڈ پر پچ تبدیل کرنے کا الزام لگ گیا ہے۔

برطانوی اخبار ڈیلی میل کی ایک رپورٹ کے مطابق بھارت اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں مدِ مقابل ہوں گی اور اس میچ کے لیے گراؤنڈ کی پچ نمبر سات منتخب کی گئی تھی۔ لیکن بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے آئی سی سی کی اجازت کے بغیر میچ کے لیے پچ نمبر چھ تیار کی ہے۔

رپورٹ کے مطابق پچ نمبر چھ پر پہلے ہی دو میچز کھیلے جا چکے ہیں اور اسی پچ پر نیوزی لینڈ کے خلاف سیمی فائنل ہونے کی صورت میں بھارتی اسپنرز کو فائدہ ہو سکتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اگر بھارتی ٹیم نیوزی لینڈ کو شکست دے کر فائنل میں پہنچ گئی تو اتوار کو احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں ایونٹ کے فائنل کے لیے بھی پچ تبدیل کی جائے گی۔

کرکٹ کی عالمی تنظیم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) کی گورننگ باڈی کے کنسلٹنٹ اینڈی ایٹکنسن کی نگرانی میں آئی سی سی ایونٹس کی پچز تیار کی جاتی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق اینڈی ایٹکنسن نے مقامی کرکٹ بورڈ سے پہلے ہی اس بات پر اتفاق کر لیا تھا کہ کس میچ میں کون سی پچ استعمال کی جائے گی۔ تاہم اب اس سمجھوتے کو ایسے موقع پر نظر انداز کر دیا گیا ہے جب ایونٹ کے ٹائٹل کی دوڑ میں صرف چار ٹیمیں رہ گئی ہیں۔

واضح رہے کہ ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل بھارت اور نیوزی لینڈ جب کہ دوسرا سیمی فائنل آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلا جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق بھارت اور نیوزی لینڈ کے سیمی فائنل کی پچ کی تبدیلی سے متعلق پیغام ایک ایسے واٹس ایپ گروپ میں گردش کرتا رہا جس میں بھارتی کرکٹ بورڈ اور آئی سی سی کے 50 سے زیادہ آفیشل شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ایٹکنسن کو بتایا گیا ہے کہ پچ نمبر سات کے ساتھ کچھ مسائل ہیں تاہم اس کی وضاحت نہیں کی گئی۔

یہی نہیں ایٹکنسن نے ایونٹ کے فائنل کے لیے پچ نمبر پانچ کی تجویز دی ہے تاہم انہیں بتایا گیا ہے کہ ایونٹ کا فائنل پچ نمبر چھ پر کھیلا جائے گا جو پہلے ہی دو مرتبہ استعمال ہو چکی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایٹکنسن نے پچز کی تبدیلی سے متعلق پوچھا تو بی سی سی آئی نے انہیں بتایا کہ اس کی ذمے دار گجرات کرکٹ ایسوسی ایشن ہے۔

دوسری جانب گجرات کرکٹ ایسوسی ایشن نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ بی سی سی آئی کی ہدایات کے مطابق کام کر رہی ہے۔

ایٹکنسن نے ایک ای میل میں خبردار کیا ہے کہ پچز کی تبدیلی کے نتیجے میں یہ تاثر مل سکتا ہے کہ میزبان کرکٹ بورڈ کی درخواست پر ورلڈ کپ کے فائنل کی پچ کا نہ صرف انتخاب کیا جا رہا ہے بلکہ اسے مرضی کے مطابق تیار بھی کیا جا رہا ہے۔

بی سی سی آئی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کے آزاد پچ کنسلٹنٹ میزبان ملک کے ساتھ مل کر پچز کا انتخاب کرتے ہیں اور یہ عمل پورے ایونٹ میں جاری رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق آئی سی سی کے سینئر ایونٹ مینیجر نے ایٹکنسن کو پاکستان اور بھارت کے درمیان 14 اکتوبر کو کھیلے جانے والے میچ سے متعلق بھی آگاہ کیا تھا کہ یہ میچ پچ نمبر پر سات پر کھیلا جانا ہے لیکن یہ میچ تجویز کردہ پچ کے بجائے پچ نمبر پانچ پر کھیلا گیا تھا۔

XS
SM
MD
LG