جنوبی کوریا کی وزارتِ خوراک نے ایک صحت کی وارننگ جاری کی ہے جس میں لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ اسٹارچ (نشاستہ) سے بنی تلی ہوئی ٹوتھ پکس کھانے سے گریز کریں۔
سوشل میڈیا بالخصوص ٹک ٹاک اور انسٹاگرام پر اس طرح کی ویڈیوز وائرل ہیں جس میں جنوبی کوریا میں لوگ سبز رنگ کی ٹوتھ پکس کو تلتے ہیں جس کے بعد وہ کرلی فرائیز کی طرح ہو جاتی ہیں۔
وزارتِ خوراک کی جانب سے یہ وارننگ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ان ویڈیوز کے بعد سامنے آئی ہیں۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق ویڈیوز میں لوگ اسٹارچ ٹوتھ پکس کو تیل میں پکا کر پاؤڈر پنیر کے ساتھ کھا رہے ہیں۔ ٹک ٹاک اور انسٹاگرام پر ان ویڈیوز کے لاکھوں شیئر اور لائکس بھی ہیں۔
منسٹری آف فوڈ اینڈ ڈرگ سیفٹی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' (سابقہ ٹوئٹر) پر فرائیڈ ٹوتھ پکس سے متعلق کہا کہ خوراک کے طور پر اس کے محفوظ ہونے کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔ لہٰذا اسے مت کھائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹوتھ پکس کو تلنے اور پھر کھانے کی ویڈیوز وائرل ہو رہی ہیں۔
واضح رہے کہ کھانے کے رنگ (فوڈ کلرز) کا استعمال ٹوتھ پک کو سبز رنگ دینے کے لیے کیا جاتا ہے جو سویٹ پوٹاٹو (میٹھے آلو/شکر قندی) یا کورن اسٹارچ سے بنی ہوئی ہیں۔ اسے ماحول دوست ہونے کے طور پر بھی دیکھا جاتا ہے۔
جنوبی کوریا میں اکثر ریستورانوں میں اس کا استعمال کیا جاتا ہے۔ اسے فنگر فوڈز کو کھانے کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔
ایک ٹک ٹاک ویڈیو میں صارف کی جانب سے تلی ہوئی ٹوتھ پکس کو کرنچنگ کرتے وقت کہا گیا کہ "یہ بہت کرسپی ہے۔"
اس خبر میں شامل معلومات خبر رساں ادارے 'رائٹرز' سے لی گئی ہیں۔
فورم