رسائی کے لنکس

بالی وڈ نگری میں رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کی شادی کے چرچے


سوشل میڈیا پر بھی عالیہ اور رنبیر کے مداح اپنے پسندیدہ جوڑے کی شادی کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر بھی عالیہ اور رنبیر کے مداح اپنے پسندیدہ جوڑے کی شادی کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔

بالی وڈ میں ان دونوں اداکارہ عالیہ بھٹ اور اداکار رنبیر کپور کی شادی کے چرچے ہیں۔ کہیں دونوں کی شادی کا وینیو موضوعِ بحث ہے تو کہیں مہمانوں کی فہرست مداحوں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔

سوشل میڈیا پر بھی عالیہ اور رنبیر کے مداح اپنے پسندیدہ جوڑے کی شادی کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔

البتہ ابھی تک عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور سمیت دونوں کے گھر والوں کی جانب سے ان کی شادی کی خبروں کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔

لیکن بھارتی میڈیا کے مطابق جوڑے کی شادی کی تقریبات کا آغاز رواں ماہ یعنی 13 اپریل سے ہو رہا ہے جو 18 اپریل تک جاری رہیں گی۔

بھارتی میڈیا کی جانب سے اداکار جوڑے کی شادی کے وینیو تک کا اعلان کر دیا گیا ہے لیکن اس بارے میں عالیہ اور رنبیر نے کوئی تصدیق نہیں کی۔

بھارتی جریدے 'انڈیا ٹوڈے' کے مطابق جوڑے کا گرینڈ رسیپشن اپریل کے آخر میں ہو گا جس میں بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان، امیتابھ بچن، بھارتی فلم ساز سنجے لیلا بھنسالی، کرن جوہر، دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ سمیت دیگر شرکت کریں گے۔

واضح رہے کہ حال ہی میں رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کی پہلی فلم 'براہماسٹرا' کی شوٹنگ مکمل ہوئی ہے جو نو ستمبر 2022 کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔

عالیہ اور رنبیر کی قربتوں کا آغاز کب ہوا؟

بالی وڈ میں گزشتہ چند برسوں سے عالیہ اور رنبیر کی قربتوں سے متعلق باتیں زبان زدِ عام ہیں۔ لیکن دونوں کے درمیان محبت کا آغاز کب ہوا؟

بھارتی خبر رساں ادارے 'آے این آئی' کے مطابق بہت سے لوگ اس بارے میں نہیں جانتے کہ عالیہ کو 11 برس کی عمر میں ہی رنبیر کپور پر کرش (پسندیدگی) تھا۔

عالیہ بھٹ اس بات کا بھی اقرار کر چکی ہیں کہ جب وہ بھارتی فلم ساز سنجے لیلا بھنسالی کی فلم 'بلیک' کے لیے آڈیشن دینے گئی تھیں تو وہاں رنبیر کپور بطور ایک اسسٹنٹ ڈائریکٹر خدمات سر انجام دے رہے تھے اور اس وقت انہیں رنبیر بہت اچھے لگے تھے۔

'اے این آئی' کے مطابق عالیہ نے جب 2014 میں بالی وڈ فلم نگری میں قدم رکھا تو اس دوران انہوں نے 'کافی ود کرن' شو میں بھی رنبیر کپور سے شادی کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا تھا۔

سن 2017 میں عالیہ اور رنبیر کو ایک ساتھ فلم 'براہماسٹرا' میں کاسٹ کرنے کی خبریں سامنے آئی جس کے بعد ان کے چاہنے والے دونوں کو ایک ساتھ دیکھنے کے لیے بے حد پُرجوش تھے۔

سن 2018 میں اداکارہ سونم کپور کی شادی میں عالیہ اور رنبیر کو جب ایک ساتھ دیکھا گیا تو بالی وڈ کی اس نئی جوڑی کو خوب پسند کیا گیا۔

بعد ازاں عالیہ اور رنبیر کو متعدد ایونٹس اور تقریبات میں ایک ساتھ دیکھا گیا۔ 2019 میں نئے سال کی تقریب میں عالیہ کی رنبیر کپور کے خاندان کے ساتھ تصاویر بھی سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئی تھیں۔

سن 2019 میں ہی جوڑے کو فلم فیئر ایوارڈ کی تقریب میں ساتھ دیکھا گیا تھا جس میں عالیہ اور رنبیر نے ڈھکے چھپے الفاظ میں ایک دوسرے سے محبت کا اظہار کیا تھا۔

گزشتہ برس رنبیر کی سالگرہ کے موقع پر دونوں راجستھان ساتھ گئے تھے جس کی تصاویر عالیہ نے اپنے انسٹاگرام پر شیئر کی تھیں۔ اس کے علاوہ عالیہ نے دیوالی کے موقع پر بھی رنبیر کے ساتھ تصویر شیئر کی تھی۔

XS
SM
MD
LG