آسٹریلیا کے وزیرِ خارجہ کیون رڈ نے اپنے عہدے سے استعفیٰ کا اعلان کیا ہے، جو حکمران ’لیبر پارٹی‘ میں انتشار کو ظاہر کرتا ہے۔
کیون رڈ نے یہ اعلان منگل کو رات دیر گئے واشنگٹن کے سرکاری دورے کے دوران کیا۔
اُنھوں نے کہا کہ وہ وزیرِ اعظم جولیا گیلارڈ کی حمایت اور اعتماد کی غیر موجودگی میں اپنی ذمہ داریاں ادا نہیں کر سکتے۔
آسٹریلوی ذرائع ابلاغ حالیہ دنوں میں یہ خبریں شائع اور نشر کرتے رہے ہیں کہ مسٹر رڈ دوبارہ حکمران جماعت کا سربراہ بننے کے لیے منصوبہ سازی کر رہے ہیں۔
2010ء میں ایسی ہی صورت حال میں جولیا گیلارڈ جماعت کی سربراہ بنی تھیں اور کیون رڈ کو وزیرِ اعظم کے عہدے سے الگ ہونا پڑا تھا۔
جولیا گیلارڈ کے حامیوں نے کیون رڈ کو کابینہ کے رکن کی حیثیت سے برطرف کرنے کے مطالبات بھی کیے تھے۔ جب کہ وزیرِ خارجہ نے منگل کے روز شکوہ کیا کہ وزیرِ اعظم گیلارڈ ان مطالبات کو مسترد کرنے میں ناکام رہیں۔