آسٹریلیا کے سابق وزیرِ خارجہ کیون رڈ نے اعلان کیا ہے کہ حکمران لیبر پارٹی کی قیادت کے آئندہ ہفتے ہونے والے انتخاب میں وہ وزیرِ اعظم جولیا گیلارڈ کے مدِ مقابل ہوں گے۔
اُنھوں نے جمعہ کو ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیرِ اعظم گیلارڈ عوام کا اعتماد کھو بیٹھی ہیں، اور پیر سے وہ اعتماد کی بحالی کی کوششیں شروع کر دیں گے۔
آسٹریلوی وزیرِ اعظم نے جمعرات کو اپنی جماعت کے اراکین سے کہا تھا کہ وہ اپنی قیادت کا دوبارہ چناؤ کریں تاکہ مسٹر رڈ کے ساتھ تنازع حل ہو سکے۔ لیبر پارٹی کے سربراہ کا انتخاب پیر کو مقامی وقت کے مطابق صبح 10 بجے ہوگا۔
جولیا گیلارڈ کے بقول وہ سمجھتی ہیں کہ ان قیاس آرائیوں کا خاتمہ لیبر پارٹی اور ملک کے مفاد میں ہے کہ مسٹر رڈ اُن کے خلاف سازش کر رہے ہیں۔
کیون رڈ نے بدھ کو وزیرِ خارجہ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ اُن کا کہنا تھا کہ وہ وزیرِ اعظم کی حمایت کی عدم موجودگی میں کام نہیں کر سکتے۔
واضح رہے کہ جولیا گیلارڈ نے جون 2010ء میں کیون رڈ کی جگہ وزیرِ اعظم کا منصب سنبھالا تھا۔