رسائی کے لنکس

ایک طرف تنقید دوسری طرف بابر کی ٹیسٹ رینکنگ میں دوسری پوزیشن


انگلینڈ کے خلاف کلین سوئپ کا سامنا کرنے والی پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم ٹیسٹ بیٹرز کی عالمی رینکنگ میں دوسری پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔ بابر اعظم نے آسٹریلوی بلے باز اسٹیو اسمتھ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ٹیسٹ کریئر میں اپنی سب سے بہترین رینکنگ حاصل کر لی ہے۔ اب وہ آسٹریلوی بلے باز مارنس لبوشین سے ہی پیچھے ہیں۔

بابر اعظم نے آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں دوسری پوزیشن ایسے وقت میں حاصل کی ہے جب انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شکست کے بعد اُنہیں شدید تنقید کا سامنا ہے۔


انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوران ہی بابر اعظم کی کپتانی اور جارحانہ طرزِ عمل نہ اپنانے پر سوشل میڈیا پر ان پر تنقید ہو رہی تھی، مگر سیریز تین صفر سے ہارنے کے بعد اس تنقید میں مزید اضافہ ہوا، جس پر ساتھی کھلاڑی کپتان کی سپورٹ میں سامنے آئے۔

سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید پر فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف نے بابر اعظم کی کھل کر حمایت کی اور 'سوچنا بھی منع ہے' کا ہیش ٹیگ استعمال کیا۔

آئی سی سی کی جانب سے بدھ کو جاری کی گئی تازہ ٹیسٹ رینکنگ میں آسٹریلیا کے مڈل آرڈر بیٹر مارنس لبوشین 936 رینکنگ پوائنٹس کے ساتھ پہلے، بابر اعظم 875 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ 870 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔

بابر اعظم نے کراچی ٹیسٹ میں شکست کے باوجود میچ کی دونوں اننگز میں 78 اور 54 رنز بنائے تھے۔بابر اعظم نے رواں برس سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شان دار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔

بابر اعظم اب تک 45 ٹیسٹ میچز کی 81ا ننگز میں 48.19 کی اوسط سے 3470 رنز بنا چکے ہیں جن میں آٹھ سینچریاں اور 26 نصف سینچریاں شامل ہیں۔

آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ چوتھے، انگلینڈ کے جو روٹ پانچویں، بھارت کے رشبھ پنت چھٹے، نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن ساتویں، سری لنکا کے ڈیموتھ کرونا رتنے آٹھویں، بھارت کے روہت شرما نویں جب کہ آسٹریلیا کے عثمان خواجہ دسویں نمبر پر ہیں۔

XS
SM
MD
LG