رسائی کے لنکس

بابر اعظم ستارہ امتیاز حاصل کرنے والے سب سے کم عمر کرکٹر بن گئے


پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان اور انٹرنیشنل کرکٹ میں کئی ریکارڈز اپنے نام کرنے والے بلے باز بابر اعظم کو کھیل کے میدان میں نمایاں کاکردگی دکھانے پر حکومتِ پاکستان نے ستارہ امتیاز سے نوازا ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان کو یومِ پاکستان کے موقع پر گورنر ہاؤس لاہور میں ہونے والی تقریب میں ستارہ امتیاز سے نوازا گیا۔انہیں سیارہ امتیاز کا میڈل گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے پہنایا جس کے بعد وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے پاکستان کے سب سے کم عمر کرکٹر بن گئے ہیں۔

یہ بابر اعظم کے لیے حکومتی سطح پر تو پہلا ایوارڈ ہوگا لیکن اس سے قبل انٹرنیشنل کرکٹ کونسل انہیں متعدد ایوارڈ ز سے نواز چکی ہے جس میں سر گارفیلڈ سوبرز کرکٹر آف دی ایئر اور آئی سی سی ون ڈے پلیئر آف دی ایئر کے ساتھ ساتھ آئی سی سی کی ون ڈے ٹیم کی کپتانی کا اعزاز شامل ہے۔

حکومت پاکستان نے گزشتہ سال یومِ آزادی کے موقع پر بابر اعظم کو ستارہ امتیاز دینے کا اعلان کیا تھا۔ 28 سال کی عمر میں یہ اعزاز حاصل کرکے انہوں نے اپنے ہی سابق کپتان سرفراز احمدکا ریکارڈ توڑا جنہیں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیتنے کے بعد 31 سال کی عمر میں اس اعزاز سے نوازا گیا تھا۔

ستارہ امتیاز پانے پر بابر اعظم نے اپنے والدین کے ہمراہ تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے ٹوئٹ کی کہ وہ یہ ایوارڈ اپنے والدین، فینز اور پاکستان کے نام کرتے ہیں۔

اس سے قبل متعدد پاکستانی کرکٹرز کو ان کی شان دار کارکردگی کی وجہ سے ستارہ امتیاز کے قابل سمجھا گیا جس میں جاوید میاں داد، عبدالقادر ، انضمام الحق ،شاہد آفریدی ، یونس خان ، سعید اجمل، مصباح الحق ، اور یاسر شاہ کے نام قابلِ ذکر ہیں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کےآنجہانی کوچ باب وولمر کو بھی پاکستان کرکٹ کے لیے خدمات پر بعد از مرگ ستارہ امتیاز سے نوازا گیا جب کہ نام ور ٹیسٹ امپائر علیم ڈار بھی یہ اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔

سن 1993 میں 24 سال کی عمر میں ستارہ امتیاز پانے والے اسکواش لیجنڈ جان شیر خان اب بھی یہ اعزاز حاصل کرنے والے سب سے کم عمر اسپورٹس مین ہیں۔

دیگر اسپورٹس کے جن کھلاڑیوں کو اس اعزاز کے قابل سمجھا گیا اس میں اسکواش کھلاڑی جان شیر خان کے ساتھ ساتھ ہاکی لیجنڈ سمیع اللہ، حنیف خان اور حسن سردار شامل ہیں۔

سن 2015 میں اپنے انٹرنیشنل کریئر کا آغاز کرنے والے بابر اعظم نے پاکستان کے لیے اب تک ٹیسٹ کرکٹ میں 3696 رنز جب کہ ون ڈے کرکٹ میں 4813 رنز اسکور کیے ہیں۔ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 3355 رنز بنانے والے اس کھلاڑی کی مجموعی انٹرنیشنل سینچریوں کی تعداد 28 ہے۔

وہ پاکستان کی جانب سے تینوں فارمیٹ میں سینچری بنانے والے تین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں اور گزشتہ دو برسوں میں ان کی کارکردگی کی وجہ سے وہ مسلسل انٹرنیشنل کرکٹ رینکنگ میں ٹاپ کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہیں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سمیت کئی صارفین نے بابر اعظم کو ستارہ امتیاز ملنے پر انہیں مبارکباد دی۔ٹیسٹ اوپنر عابد علی نے بابر اعظم کے ساتھ اپنی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے ماشااللہ لکھا۔


ٹیسٹ کرکٹر تنویر احمد نے بھی بابر اعظم کو پاکستان کرکٹ کا اصل ہیرو قرار دے کر مبارکباد دی۔


نواز نامی صارف نے بھی ستارہ امتیاز اور بابر اعظم کی تصویر شیئر کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان کا شکریہ ادا کیا۔



تحسین قاسم نے بابر اعظم کی دو تصاویر شئیر کرکے انہیں خراج تحسین پیش کیا، ایک تصویر میں وہ بال پکر کے طور پر نظر آرہے ہیں تو دوسرے میں انہیں گورنر پنجاب ستارہ امتیاز سے نواز رہے ہیں۔


صارف شہریار اعجاز نے تو بابر اعظم کی ٹرافی روم کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ اب ستارہ امتیاز کو بھی اس میں جگہ ملے گی۔


ستارہ امتیاز، پاکستان میں سول اور عسکری شخصیات کو دیا جانے والا تیسرا بڑا اعزاز ہے۔ یہ اعزاز ادب ، فنونِ لطیفہ، کھیل، طب یا سائنس کے میدان میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں دیا جاتا ہے۔

  • 16x9 Image

    عمیر علوی

    عمیر علوی 1998 سے شوبز اور اسپورٹس صحافت سے وابستہ ہیں۔ پاکستان کے نامور انگریزی اخبارات اور جرائد میں فلم، ٹی وی ڈراموں اور کتابوں پر ان کے تبصرے شائع ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ متعدد نام وَر ہالی وڈ، بالی وڈ اور پاکستانی اداکاروں کے انٹرویوز بھی کر چکے ہیں۔ عمیر علوی انڈین اور پاکستانی فلم میوزک کے دل دادہ ہیں اور مختلف موضوعات پر کتابیں جمع کرنا ان کا شوق ہے۔

XS
SM
MD
LG