رسائی کے لنکس

گوادر:پاکستانی فوج کی گاڑیوں پر حملہ، 14 اہلکار ہلاک


گوادر کی بندرگاہ۔ فائل فوٹو
گوادر کی بندرگاہ۔ فائل فوٹو
کوئٹہ (غلام مرتضیٰ زہری)پاکستانی فوج کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر کے مطابق جمعے کو پسنی سے اورماڑہ جانے والی سیکیورٹی فورسز کی دو گاڑیوں پر دہشت گردوں نے حملہ کیا جس میں 14 اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔ آئی ایس پی آرکے مطابق علاقہ کلیئر کرانے کے لیے آپریشن جاری ہے۔

میڈیا کو جاری ایک بیان میں پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے گوادر حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعہ میں فورسز کے 14 اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پسنی اور اورماڑہ کے درمیانی علاقے میں گھات لگائے حملہ آوروں نے فورسز کی دو گاڑیوں کو نشانہ بنایا۔

آئی ایس پی آر نے بیان میں کہا ہے کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور ان کے بقول اس گھناؤنے فعل میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

پسنی پولیس کے ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر وائس آف امریکہ کو بتایا کہ واقعہ جمعہ کی شب پسنی میں زیرو پوائنٹ کے پاس پیش آیا تھا۔

جہاں سے پاکستانی فوج کی کوئیک رسپانس فورس کی دو گاڑیاں گزر رہی تھی کہ نامعلوم حملہ آوروں نے سڑک کےکنارے نصب بم سے حملہ کیا اور بعد میں شدید فائرنگ کی۔

پاکستان کے نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پسنی میں فورسز پر ریمورٹ کنٹرول حملے اور فائرنگ سے پاکستانی فوج کے 14 اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں جس میں شدید مذمت کرتے ہیں۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردی کی نئی لہر قابل تشویش ہے، سیکورٹی فورسز کے جوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں فورسز کی ایک گاڑی نظر آرہی ہے جو دھماکے کے باعث مکمل طور پر تباہ ہے۔ تاہم غیر جانبدار ذرائع سے تاحال اس ویڈیو کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔

گوادر اور کوسٹل ہائی وے کے علاقوں میں کالعدم بلوچ عسکریت پسند تنظیمیں متحرک ہیں ۔ماضی میں بھی ان علاقوں میں فورسز پر بڑے حملے ہوئے ہیں جن میں سے کچھ کی ذمہ داری کالعدم تنظیموں نے قبول کی ہے۔

جمعے کو ہونے والے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا کسی تنظیم یا گروہ نے اب تک دعویٰ نہیں کیا ہے۔

فورم

XS
SM
MD
LG