پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو ٹی ٹوئنٹی کے بہترین بلے بازوں کی فہرست میں پہلی پوزیشن بچانے کا چیلنج درپیش ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ بدھ کو اعلان کردہ نئی رینکنگ میں بابر شاید اپنی پوزیشن برقرار نہ رکھ سکیں۔
بابر اعظم لگ بھگ تین برسوں سے محدود طرز کی کرکٹ کی رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن پر اپنی حاکمیت برقرار رکھے ہوئے ہیں۔ ان تین برسوں کے دوران یہ پہلا موقع ہے کہ بابر کے ہاتھ سے پہلی پوزیشن جاتے ہوئے دکھائی دے رہی ہے۔
ٹی ٹوئنٹی کی عالمی رینکنگ پر حاکمیت کی دوڑ میں پاکستانی وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان اور بھارتی بیٹر سوریا کمار یادیو مضبوط ترین امیدوار کے طور پر سامنے آئے ہیں۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے نئی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ کا اعلان بدھ کو کیا جائے گا۔ اس وقت بابر 810 پوائنٹس کے ساتھ سرِ فہرست ہیں جب کہ رضوان 796 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور یادیو 792 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔
متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیا کپ کے دوران محمد رضوان اب تک دو اور سوریا کمار ایک نصف سینچری اسکور کر چکے ہیں جب کہ بابر اعظم تین میچز میں بالترتیب 10، 9 اور 14 رنز ہی بنا سکے ہیں۔ بابر کی اس کارکردگی کے بعد ٹی ٹوئنٹی رینکنگ ٹیبل پر دلچسپ صورتِ حال پیدا ہو گئی ہے۔
محمد رضوان اس وقت ایشیا کپ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں۔ بھارت اور ہانگ کانگ کے خلاف دو نصف سینچریاں اسکور کرنے والے رضوان ایونٹ میں 192 رنز بنا چکے ہیں۔
دوسری جانب سوریا کمار یادیو نے ہانگ کانگ کے خلاف 26 گیندوں پر 68 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی تھی اور تین میچز میں انہوں نے اب تک 99 رنز بنالیے ہیں۔
ایشیا کپ سے قبل بھارت کے دورۂ ویسٹ انڈیز کے دوران یادیو 135 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے تھے اور وہ ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے کے بالکل قریب تھے لیکن وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف فائنل ٹی ٹوئنٹی میچ نہ کھیل سکے جس کی وجہ سے انہیں ٹی ٹوئنٹی کی عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل نہیں ہوسکی ہے۔