|
ویب ڈیسک _ بالی وڈ اداکارہ ملائیکہ اروڑہ کے والد انیل کلدیپ مہتا کی مبینہ خودکشی کے بعد ساتھی فن کاروں کی جانب سے گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ اداکارہ نے درخواست کی ہے کہ اس مشکل وقت میں ان کی پرائیویسی کا خیال رکھا جائے۔
بدھ کی دوپہر ملائیکہ کے والد کی مبینہ خودکشی کی خبریں سامنے آئی تھیں۔ بعدازاں اداکارہ نے سوشل میڈیا پر والد کے انتقال کی تصدیق کی۔
ملائیکہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر جاری بیان میں کہا ہے "والد کے انتقال کا اعلان کرتے وقت گہرے دکھ اور رنج میں مبتلا ہوں۔ ہمارا خاندان اس نقصان سے گہرے صدمے میں ہے۔"
انہوں نے میڈیا اور اپنے چاہنے والوں سے درخواست کی کہ اس مشکل وقت میں پرائیویسی کا خیال رکھا جائے۔
یاد رہے کہ ملائیکہ اروڑہ جب 11 برس کی تھیں تو ان کے والدین کی علیحدگی ہو گئی تھی۔ بعدازاں وہ اپنی بہن امرتہ اور والدہ کے ساتھ الگ رہتی تھیں۔
اداکارہ کی والدہ جوئس پولی کارپ مسیحی مذہب سے تعلق رکھتی ہیں جب کہ انیل مہتا پنجابی خاندان سے تھے۔
بھارتی نیوز ایجنسی 'اے این آئی' کے مطابق ممبئی پولیس نے ملائیکہ اروڑہ کے والد کی ہلاکت سے متعلق بتایا کہ "ابتدائی تحقیقات کے مطابق معاملہ خودکشی کا لگتا ہے، البتہ کیس کی ہر پہلو سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔"
بعض بھارتی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق انیل مہتا نے خودکشی سے قبل اپنی بیٹیوں سے کہا تھا کہ وہ بہت تھکے ہوئے ہیں۔
'این ڈی ٹی وی' نے بھارتی نیوز ایجنسی 'آئی اے این ایس' کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ملائیکہ اروڑہ کی والدہ جوئس پولی کارپ نے ممبئی پولیس کو اپنے بیان میں بتایا کہ جب یہ حادثہ ہوا تو وہ سابقہ شوہر کے ساتھ گھر میں موجود تھیں۔
انہوں نے کہا کہ بدھ کی صبح انہوں نے گھر میں اپنے سابقہ شوہر کی چپلیں دیکھیں تو وہ انہیں ڈھونڈنے لگیں۔ جب وہ کمرے میں بالکونی میں آئیں اور نیچے جھانکا تو عمارت کا گارڈ شور مچا رہا تھا۔ اداکارہ کی والدہ کے بقول انہیں تب احساس ہوا کہ یقیناً کچھ انتہائی غلط ہوا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے کے بعد انیل مہتا کی لاش کو ممبئی کے بھابھا اسپتال میں پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کیا گیا ہے۔
فورم