رسائی کے لنکس

ورلڈ کپ کے لیے بھارت جانے کا فیصلہ حکومتی اجازت سے مشروط ہے: نجم سیٹھی


پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کی ٹیم بھارت جائے گی یا نہیں اس کا دارومدار حکومت کی اجازت پر ہے۔

جمعے کو لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ "ہم نے آئی سی سی کو بتا دیا ہے کہ ہم اپنے طور پر یہ فیصلہ نہیں کر سکتے کہ ٹیم بھارت جائے گی یا نہیں اس کا فیصلہ ہماری حکومت نے کرنا ہے۔"

چیئرمین پی سی بی کا مزید کہنا تھا کہ ـ "اس وقت یہ پوچھنا کہ ہم احمد آباد میں کھیلے گے یا نہیں غیر ضروری ہے۔ پہلے یہ فیصلہ ہو جائے گہ پاکستانی ٹیم جائے گی اس کے بعد یہ بات ہو گی کہ ہم کہاں کھیلیں گے اور کہاں نہیں۔"

نجم سیٹھی کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب جمعرات کو پاکستان اور بھارت کے کرکٹ بورڈز کے درمیان تنازع کی وجہ بننے والے ایشیا کپ کے شیڈول کا اعلان ہوا ہے۔

ایشین کرکٹ کونسل نے پاکستان کے ہائبرڈ ماڈل کو منظور کرتے ہوئے 13 میچوں پر مشتمل ایشیا کپ کے چار میچز پاکستان جب کہ نو سری لنکا میں کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

خیال رہے کہ ایشیا کپ کی میزبانی کے حقوق پاکستان کو ملے تھے، تاہم رواں برس بھارتی کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا تھا کہ ٹیم پاکستان نہیں جائے گی، لہذٰا ایشیا کپ کسی نیوٹرل مقام پر کرایا جائے۔

جواب میں پی سی بی نے بھی سخت ردِعمل دیتے ہوئے ورلڈ کپ کے بائیکاٹ کا عندیہ دیا تھا۔

چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ ہائبرڈ ماڈل کے معاملے پر بھارتی میڈیا میں بہت منفی رپورٹنگ کی گئی۔

اُن کا کہنا تھا کہ بھارتی بورڈ کی یہ خواہش تھی کہ پورا ایشیا کپ نیوٹرل وینیو پر کرایا جائے، لیکن ہمارے مؤقف کو تسلیم کرتے ہوئے ہائبرڈ ماڈل پر اتفاق کر لیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG