معروف اسٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس نے جمعرات کو کہا ہے کہ کامیڈین کرس راک نیٹ فلکس پر لائیو پرفارمنس دینے والے پہلے فن کار بننے جا رہے ہیں۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق نیٹ فلکس جلد فی البدیہہ سیریز اور اسپیشل اسٹینڈ اپس کے ساتھ لائیو اسٹریمنگ کے نئے آپشنز لانے کا ارادہ رکھتا ہے۔
نیٹ فلکس نے بتایا ہے کہ کرس راک پہلے فن کار ہوں گے جو اسٹریمنگ پلیٹ فارم پر لائیو پرفارم کریں گے۔ یہ کامیڈی اسپیشل لائیو اسٹریمنگ سن 2023 میں نشر کی جائے گی۔
نیٹ فلکس کا مزید کہنا ہے کہ وہ لائیو راک ایونٹ کے بارے میں مزید تفصیلات سے بعد میں آگاہ کرے گا۔
اسٹریمنگ پلیٹ فارم کے اسٹینڈ اپ اور کامیڈی کے نائب صدر رابی پرا نے اپنے بیان میں کہا کہ "کرس راک کی آواز ہماری نسل کے لیے اہم ہے، ہمیں خوشی ہے کہ پوری دنیا کرس راک کی لائیو کامیڈی کا تجربہ کرسکے گی۔ "
یاد رہے کہ کرس راک اس سے قبل نیٹ فلکس پر اسپیشل اسٹینڈ اپ کامیڈی 'کرس راک: ٹیمبورین' میں نظر آئے تھے جو 2018 میں پریمیئر ہوئی تھی۔
اس کے علاوہ کرس راک سن 2022 کے آغاز میں کامیڈی شو 'نیٹ فلکس از آ جوک' میں نظر آئے تھے۔
رواں برس اداکار ول اسمتھ نے آسکرز کی تقریب میں کامیڈٰن کرس راک کو کامیڈٰی کے دوران تھپڑ مارا تھا۔ بعدازاں کامیڈین نے اس واقعے کے بارے میں زیادہ بات نہیں کی۔
حال ہی میں کرس راک نے لندن میں اپنے "کرس راک ایگو ڈیتھ ورلڈ ٹور 2022" کے دوران کہا کہ "لوگ چاہتے ہیں کہ میں اس واقعے کے بارے میں بات کروں، میں اس وقت تو کوئی بات نہیں کروں گا۔"
کرس راک نے مزید کہا کہ "لیکن میں جلد نیٹ فلکس پر اس واقعے پر بات کروں گا۔"
اس خبر میں شامل معلومات خبر رساں ادارے 'رائٹرز' سے لی گئی ہیں۔